مشرف کی والدہ کو ائیر ایمبولینس دینے کے لئے تیار ہیں: پرویز رشید
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت انسانی ہمدردی کے تحت پرویزمشرف کی والدہ کو وطن لانے کے لئے خصوصی طیارہ یا ایمبولینس جہاز دینے کو تیار ہے۔ خصوصی طیارہ یا ایئرایمبولینس کی پیشکش کا مقصد یہ ہے کہ پرویز مشرف کی والدہ کا علاج پاکستان میں ہو سکے اور وہ اپنے بیٹے کے ساتھ رہ سکیں۔ حکومت پاکستان ان کے علاج معالجے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔ان کا کہنا تھاکہ پرویز مشرف سے پہلے کبھی کوئی ڈیل ہوئی ہے اور نہ ہی اب کریں گے۔ سابق صدر کا مقدمہ عدالت میں ہے اور ان کے مستقبل کا فیصلہ آزاد عدلیہ ہی کرے گی تاہم جب تک ان کا کیس عدالت میں ہے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے میں تمام شواہد موجود ہیں، وفاقی حکومت تما شواہد عدالت ہی میں پیش کرے گی۔