ریسکیو 1122کمیونٹی بیسڈڈزاسٹررسک ریسپانس پروگرام شروع کر رہی ہے ، ڈاکٹر رضوان نصیر

ریسکیو 1122کمیونٹی بیسڈڈزاسٹررسک ریسپانس پروگرام شروع کر رہی ہے ، ڈاکٹر رضوان ...

لاہور(کرائم سیل)ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ہے کہ 30لاکھ ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کرنے کے بعد اب ریسکیو1122نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے پنجاب کے تمام اضلاع میں کمیونٹی بیسڈڈزاسٹر رسک ریسپانس پروگرام کا نفاذ کرنے جارہی ہے تاکہ محفوظ ، صحت مند اور توانا معاشروں کی تعمیر کی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں کمیونٹی بیسڈڈزاسٹر رسک ریسپانس پروگرام کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر این ڈی ایم اے کے نمائندگان بشمول برئگیڈئیر(ر)ساجد نعیم ، کیپٹن آصف اقبال ، ٹرینر وسیم احمداور کورس کے شرکاء ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر(RSOs) بھی موجود تھے۔ کورس کا مقصد RSOsکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانا تھا تاکہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اس کورس کا نفاذ کر سکیں۔اس کورس سے معاشرے میں موجود خطرات کی نشاندہی کرنا اور ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے کمیونٹی ممبرز کو تیا ر کرنا تھا تاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں خطرات کی نشاندہی کریں اور کسی بھی سانحہ کی صورت میں ریسکیو 1122کے اہلکاروں کے شانہ بشانہ کام کر سکیں۔جس سے نہ صرف محفوظ صحت مند اور توانا معاشروں کی تعمیر ہو گی بلکہ کیمونٹی ایمرجنسی ریسپارنس ٹیمزکی صورت میں مقامی لوگوں کو اپنے علاقوں کو محفوظ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ریسکیو رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو1122این ڈی ایم اے کے باہمی اشتراک سے تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر محفوظ معاشروں کے قیام کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر چکی ہے۔ اس کورس میں سانحات کا جائزہ لینا، ریلیف منیجمنٹ ، ایمرجنسی پناہ گاہ، متاثرہ فیملی کا اعتماد بحال کرنا، ایمرجنسی میں اشیاء خوردونوش کی فراہمی اور انکی بحالی جیسے عوامل شامل ہیں۔

مزید : علاقائی