پنجاب میں دینی مدارس کی مکمل مانیٹرنگ کی جائیگی ،شجاع خانزادہ
لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں دینی مدارس کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی اور جہاں کہیں بھی کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی کام ہوگا سخت ایکشن لیا جائے گا،جیلوں میں قیددہشتگردوں کو ٹائم فریم کے اندر ہی پھانسی دی جائےگی ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں مدارس کی مانیٹرنگ پہلے بھی کی جاتی رہی لیکن حالیہ ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد پنجاب حکومت نے تمام دینی مدارس کی مکمل مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جس مدرسے میں بھی غیر آئینی اور غیر قانونی کام ہوگا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا جس کے لئے حکمت عملی بھی مرتب کی جا چکی ہے۔ شجاع خانزادہ نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر مشکوک مقامات پر پولیس کی قیادت میں سرچ آپریشن کئے جا رہے ہیں ۔
شجاع خانزادہ