تعلیمی اداروں میں فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات جلد مکمل کیے جائیں، شہباز شریف

تعلیمی اداروں میں فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات جلد مکمل کیے جائیں، شہباز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(اے این این )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری اورنجی تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے جلد سے جلد اقدامات مکمل کیے جائیں ۔سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔پنجاب کے داخلی اورخارجی راستوں کی چیکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔وہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں پنجاب میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ،ایم این اے حمزہ شہباز، اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ ،زعیم حسین قادری، معاونین خصوصی عزم الحق، رانا مقبول، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز داخلہ، سکولز ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، خزانہ، اوقاف، قانون، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہدایت کی کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان کی موثر مانیٹرنگ اورچیکنگ کی جائے۔تعلیمی اداروں کی بیرونی دیواروں کواونچا کرنے اور وہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کرنا پڑتے ہیں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کا میں خود روزانہ جائزہ لوں گا۔وضع کردہ سکیورٹی پلان کی مانیٹرنگ کے حوالے سے مجھے روزانہ رپورٹ بھجوائی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رکھی جائے ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں پنجاب کے اےئر پورٹس پرسکیورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے کے اےئرپورٹس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔اےئرپورٹس کی سکیورٹی پر مامورادارے اپنے فرائض تندہی اورجانفشانی سے سرانجام دیں۔
لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں معصوم بچوں کو سفاک درندوں نے بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جو دنیا کی تاریخ میں دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے۔ معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت نے پاکستان سمیت دنیابھر کر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ شہداء کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو چکی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور موثر اقدامات کا وقت آن پہنچا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے قومی سیاسی قیادت کا تاریخی اقدام ہے۔ سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کو اتفاق رائے سے منظور کیا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند اور پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم اقدام ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار سینئر صحافیوں، دانشوروں، کالم نگاروں اور اینکر پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقا ت کی۔ اس موقع پر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائے گا اور نئی نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دے کر جائیں گے۔ قوم کی تائید و حمایت سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنج سے نمٹیں گے۔ اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز کئے بغیر سب کے خلاف یکساں موثر کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے اور اقدامات کرنا پڑتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج قومی قیادت ایک پیج پر آ چکی ہے اور قومی قیادت کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نام و نشان مٹا کر وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ یہ جنگ پاکستان کی آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے اور انشاء اللہ اس جنگ میں پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام سرخرو ہوں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا کردار بھی موجودہ حالات میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ قوم میڈیا سے بجا طور پر یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی مفادات کے تحفظ کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے جائز مسائل پہلے بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے اور آئندہ بھی کریں گے۔وزیراعلیٰ نے صحافی کالونی لاہور میں یوٹیلٹی سٹور اور سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ صحافیوں کے دیگر مطالبات کے حل کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی میں وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ، سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلمان غنی اور اینکر پرسن نجم ولی شامل ہوں گے۔ کمیٹی صحافی برادری کو لیپ ٹاپ کی فراہمی، موٹر سائیکلوں کی خریداری کیلئے آسان شرائط پر قرضے دینے، صحافی کالونی لاہور فیز ٹو اور میڈیکل ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے حوالے سے امور کا جائزہ لے گی۔اس موقع پر معاون خصوصی عزم الحق، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات رانا محمد ارشد، سیکرٹری اطلاعات مومن آغا، پریس سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شعیب بن عزیز اور ڈی جی پی آر اطہر علی خان بھی موجود تھے۔ ملاقات کرنے والوں میں سینئر تجزیہ نگار سلمان غنی، خادم حسین، نوید چوہدری، عابد تہامی، صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ رانا محمد عظیم، نجم ولی، میاں حبیب اللہ، نعیم مصطفی، صدر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن عاصم نصیر، ظہیر بابر، محمد اسلم، امجد عثمانی، زاہد عابد اور صائمہ نواز شامل تھیں۔

مزید :

صفحہ اول -