میری ٹریننگ بی بی نے کی، پیپلز پارٹی کو کچھ نہیں ہو گا، فوج نے ”بلے“ کا ساتھ دینا ہے تو کھل کر بولے: زرداری

میری ٹریننگ بی بی نے کی، پیپلز پارٹی کو کچھ نہیں ہو گا، فوج نے ”بلے“ کا ساتھ ...
میری ٹریننگ بی بی نے کی، پیپلز پارٹی کو کچھ نہیں ہو گا، فوج نے ”بلے“ کا ساتھ دینا ہے تو کھل کر بولے: زرداری

  

لاڑکانہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فوج نے ”بلے“ کا ساتھ دینا ہے تو کھل کر بولے، مقابلہ کریں گے۔ امین فہیم نے کبھی پارٹی سے غداری کی نہ اب کریں گے، ملک کو طاقت ور بنانے کیلئے لڑیں گے۔ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ مخالفین بلاول اور ہماری پارٹی کے بارے میں افواہیں اڑا رہے ہیں، ان افواہوں پر کان نہ دھریں، پیپلز پارٹی کو کچھ نہیں ہو گا، امین فہیم نے کبھی پارٹی سے غداری کی نہ کریں گے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پشاور میں ہمارے بچوں پر ظلم ہوا اور شاہراہ فیصل پر ہمارے 450 بچوں کو شہید کیا گیا، ہمیں نہیں پتا کہ اچھے اور برے طالبان کسے کہتے ہیں، پرویز مشرف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  بینظیر کی شہادت کے بعد ”بلا“ آپریشن شروع کر دیتا تو آج ہمارے بچے شہید نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نئے قانون بن رہے ہیں اور فوجی عدالتیں بن رہی ہیں جو وقت کی اہم ضرورت ہے تاہم کہیں ایسا نہ ہو اسی قانون کی وجہ سے میں اور میاں صاحب جیل میں ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتیں سویلین کے خلاف استعمال نہ ہونے کی شرط پر ہی اس قانون پر دستخط کریں گے اور فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر نے میری ٹریننگ کی ہے،بی بی نے اس وقت کہا تھا کہ کشمیر اور افغان جہاد کو ایک ساتھ نہ ملاﺅ لیکن کم سوچ والے سیاستدانوں اور جرنیلوں نے افغان جہاد کا ساتھ دیا جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ”بلا“ آج بھی موجود ہے اور ضمانت پر ہے جبکہ اس کے ساتھ فوج چل رہی ہے۔ وہی ”بلا“ سیاست بھی کرتا ہے اور عسکری قیادت کی جانب اشارے بھی کرتا ہے، فوج کو ”بلے“ کا ساتھ دینا ہے تو کھل کر بولے، مقابلہ کریں گے۔

مزید : قومی /Headlines