قائد اعظم نے مایوسی کی فضاء میں عزم و حوصلہ کا چراغ جلایا، سردار شیر علی خان

قائد اعظم نے مایوسی کی فضاء میں عزم و حوصلہ کا چراغ جلایا، سردار شیر علی خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی)ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ملت اسلامیہ خصوصاً برصغیرکے مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام تھے۔ ایسے باکمال اور بلند مرتبہ لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جو اپنی جرآت و ہمت، تدبر و خلوص اور اصابت رائے سے اسکی تقدیر بدل دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم کے138thویں یوم پیدائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے مایوسی اور ناامیدی کی فضاء میں عزم و حوصلہ کا چراغ جلایااور اپنی جرئات اور معاملہ فہمی، استقامت اور استقلال سے ایک ایسی مملکت وجود میں لانے کا عظیم کام سر انجام دیا جو آج بھی بین الاقوامی دنیا میں اپنا مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر تمام بحرانوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ قائداعظم کے نزدیک پاکستان کا قیام ملت اسلامیہ کی نشاۃ ثانیہ کی سمت ایک اولین قدم تھا۔ وہ قیام پاکستان کے بعد پورے عالم اسلام کو متحد و منظم کر کے اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنا چاہتے تھے۔ شیر علی گورچانی نے وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کوبھی انکی سالگرہ پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نے ہمیں ایک ہی سبق دیا ہے کہ اقتدار سے زیادہ عزیز ہمارے لئے ملک وقوم کی سلامتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف ہی وہ واحد لیڈ ہیں جو قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق اداروں کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ڈپٹی سپیکر نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا مسیحی برادری پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ ملکی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات ڈھکی چھپی نہ ہیں۔ مسیحی برادری نے ہر مشکل گھڑی میں ایثاراورقربانی کا مظاہرہ کیا اور وطن عزیز کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا اانہوں نے کہا کہ مسیحی برادری ملک میں بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی کاوش بھی لائق تحسین ہیں۔ آج تجدید عہد کا دن ہے کیونکہ پاکستان مسلمانوں ،مسیحیوں اور دیگر اقلیتوں نے مل کر بنایا تھا ۔پاکستان کو درپیش خطرات اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے اقلیتیں بھی ہمارے ساتھ صف آراء ہیں اور ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ ہم سب ملکر ایک قوم ہو کر اس پاک سرزمین کو قائداعظم کے خواب کے مطابق استوار کریں گے۔