پاک بھارت میں برابری کی بنیادپر دوطرفہ تعلقات کا فروغ ہونا چاہیے، عبدالعلیم خان

پاک بھارت میں برابری کی بنیادپر دوطرفہ تعلقات کا فروغ ہونا چاہیے، عبدالعلیم ...

لاہور(نمائندہ خصوصی ) چئیرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ و دیگر ممالک سے برابری کی بنیاد پر دوستانہ دو طرفہ تعلقات کا فروغ ہونا چاہیے لیکن مسئلہ کشمیر سمیت اہم قومی امور پر کسی قسم کی لچک یا سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،نواز شریف کو ریاستی اصولوں اور ضوابط کے مطابق بھارت کے ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے آگے قدم اٹھانا چاہیے اور وزارت خارجہ سے بالا بالا دوستی کی پینگیں بڑھانے کی بجائے کم از کم اسمبلیوں کو اعتماد میں لینا چاہیے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی اداروں اور میڈیا کو بے خبر رکھ کر طے ہونے والا مودی کا دورہ لاہور شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے جس پر ایوان میں وزیر اعظم سے وضاحت ہونی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کسی طور پر بھی جنگ کے حق میں نہیں لیکن حل طلب امور کو مذاکرات کی میز پر لانا چاہیے اور پاکستان کے قومی مفادات کو ترجیح دینا چاہیے ۔ دریں اثناء پی ٹی آئی کے اجلاس میں عبدالعلیم خان اور لاہور سے این اے154کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والی ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کی ہوا چل نکلی ہے اب اسے حکومتی دھمکیوں اور دھونس سے روکا نہیں جا سکتا ،انہوں نے تحریک انصاف کے لاہور سے پارٹی کارکنوں کی فعال شمولیت اور بھرپور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں ہر کارکن نے حصہ ڈالا جس کا شاندرانتیجہ جہانگیر ترین کی تاریخی کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے ،اس موقع پر پی ٹی آئی کے لاہور سے رہنماؤں ممبران صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی اور میاں اسلم اقبال پی ٹی آئی کے رہنما ؤں جمشید اقبال چیمہ ،مہر واجد عظیم ،میاں حامد معراج ،خواجہ جمشید امام ،ندیم نثار ،عبدالکریم کلواڑ ،خالد محمود گجر ،ظہیر عباس کھوکھر ،فرخ جاوید مو ن ا ور شیخ عامر نے این اے154میں تحریک انصاف کی کامیابی پر عبدالعلیم خان اور ایم پی اے محمد شعیب صدیقی کو مبارکباد دی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...