ڈینگی کنٹرول کیلئے ہیومن ریسورس کی کمی پوری کی جائے، راجہ اشفاق سرور

ڈینگی کنٹرول کیلئے ہیومن ریسورس کی کمی پوری کی جائے، راجہ اشفاق سرور

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے انسداد ڈینگی مہم سے متعلقہ تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی میں آف سیزن کے دوران ایس او پیز کے مطابق ڈینگی کنٹرول کے لئے ہیومن ریسورس کی کمی پوری کی جائے ،ٹریننگ ، ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس ، فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ ، سینٹری پیٹرو ل کی بھرتی ، آلات و مشینری کی درستگی ، ادویات و کیمیکلز کے انتظام کے ساتھ ساتھ سٹاف کو ڈیوٹی کا پابند بنانے کے علاوہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے جانے والے ڈینگی سٹاف کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ڈینگی سیزن کے آغاز سے قبل راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کئے جائیں۔انہوں نے یہ ہدایات کمشنر آفس راولپنڈی میں ہفتہ وار ڈینگی کنٹرول جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے جاری کیں۔قائم مقام کمشنر راولپنڈی ساجد ظفر ڈال ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے، راجہ عتیق سرور، اے ڈی سی جی عمران قریشی، ایڈمنسٹریٹر پوٹھوہار ٹاؤن عارف رحیم، اسسٹنٹ کمشنر تسنیم علی خان، ڈاکٹر ستائش کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سربراہاں نے اجلا س میں شرکت کی۔صوبائی وزیرراجہ اشفاق سرور نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے انسداد ڈینگی پلان تیار کریں اور اپنی کارکردگی کو مربوط بنائیں تاکہ اس بیماری کے روک تھام کے لئے بروقت کاروائی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسلوں کی سطح پر ڈینگی کنٹرول ٹیموں اور سرویلنس سٹاف کی کارکردگی مانیٹر کی جائے اور سپر وائزری سٹاف کے ذریعے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ تجارتی مراکز ، زیر تعمیر عمارات ، کباڑ خانوں ، قبرستانوں اور پارکس میں ایسے مقامات کی بھرائی کی جائے تاکہ وہاں پانی کھڑا نہ ہو سکے ۔قائمقام کمشنر راولپنڈی ساجد ظفر ڈال نے اس موقع پر بتایا کہ صوبائی سطح پر ہونے والے اجلاس میں راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے سابقہ مہم کے نتائج اور آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی غور کرنے کے بعد رہنما اصول وضع کئے گئے ہیں جن پر عمل درآمد کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیزن کے دوران ہر قسم کی کمی پوری کی جائے تاکہ موسم گرما شروع ہوتے ہی ڈینگی پر کڑی نظر رکھ کراس کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...