پنجاب میں ڈویژن سطح پر مراکز بحالی معذوراں قائم جائیں گے، سلمان رفیق

پنجاب میں ڈویژن سطح پر مراکز بحالی معذوراں قائم جائیں گے، سلمان رفیق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے میں ڈویژن کی سطح پر مراکز بحالی معذوراں(Rehabilitation)قائم کئے جائیں گے جوجدید سہولیات سے لیس ہوں گے ۔انہو ں نے بتایا کہ ہر سال تین مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے ۔انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ٹرشری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک ،سپیشل سیکرٹری ہیلتھ گلزار حسین شاہ،ممبرز پنجاب اسمبلی ڈاکٹر عالیہ آفتاب،محمود لغاری،ممبر پی اینڈ ڈی (ہیلتھ) ڈاکٹر شبانہ،ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈاکٹر نورالعین ،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ،ICRCکے نمائندوں اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مظفر گڑھ میں ایک بحالی مرکز کام کر رہا ہے جسے توسیع دی جا رہی ہے ۔ان مراکز کے قیام میں چائلڈ فاؤنڈیشن معاونت کرے گی۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں راولپنڈی،سرگودھا اور بہاولپور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ایک ایک بحالی مرکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے جس کے لئے650ملین روپے رکھے گئے ہیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک سنٹر کیلئے 5ہزار مربع فٹ جگہ درکار ہو گی ۔اجلاس میں بحالی مراکز کے قیام کے سلسلہ میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا جو تمام دیگر محکموں کے ساتھ کو آرڈینیٹ کریں گے ۔سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے ہدایت کی کہ تمام ڈویژن کے 9بحالی مراکز کی تعمیر و قیام کے سلسلہ میں ایک ہی ماسٹر پلان تیار کیا جائے تا کہ منصوبے میں یکسانیت رہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان کے معروضی حالات میں جدید سہولیات سے آراستہ بحالی معذوراں سنٹرز کا قیام نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات اور دہشت گردی کے واقعات میں معذور ہونے والے افراد اور پیدائشی طور پر جسمانی تقائص کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں کیRehabilitationکیلئے مراکز کی اشد ضرورت ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ڈویژن کی سطح پر قائم ہونے والے بحالی مراکز میں معذور افراد کو مصنوعی اعضاء بھی لگائے جائیں گے اور ان کی سرجری اور فزیو تھراپی کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جو اقدامات کر رہے ہیں ،ری ہیبلیٹیشن سنٹرز کا قیام بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے تا کہ معذور افراد بھی اس معاشرے کا حصہ بن کر فعال کردار ادا کر سکیں۔