طیارہ حادثہ کیس: پائلٹ عصمت محمود کے جوڈیشنل ریمانڈ میں چار روز کی توسیع
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے طیارہ حادثہ کیس کے ملزم پائلٹ عصمت محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کر دی۔ پولیس ملزم کو طیارہ حادثہ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے 76 صفحات پر مشتمل چالان بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا ہے ۔سرور رورڈ پولیس نے طیارہ حادثہ کیس کے ملزم پائلٹ عصمت محمود کو سخت سکیورٹی میں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں پولیس نے عصمت کے خلاف چالان پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کی کوتاہی کی وجہ سے 120 مسافروں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں اور ملزم کی لاپرواہی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ ملزم دوران پرواز شراب کے نشے میں دھت تھاجس کی تصدیق میڈیکل رپورٹ سے بھی ہوئی ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسران کے بیان پر عصمت محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔