جدید طبی تعلیم کیلئے نیشنل کونسل فار طب اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن باہمی تعاون میں معاہدہ پر اتفاق

جدید طبی تعلیم کیلئے نیشنل کونسل فار طب اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن باہمی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( جنرل رپورٹر) طبی معیار تعلیم کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور طبی تعلیمی اداروں کو جدید ذرائع تعلیم سے روشناس کرانے نیز طبی تعلیم کو اکیڈمک تعلیم کے مساوی قرار دلوانے کے لیے نیشنل کونسل فار طب اور ہائیر ایجو کیشن کمیشن باہمی تعاون کے معاہدہ (MOU) کے مسودے پر اتفاق ہوگئے ہیں -معاہدہ کے نقاط پر غور و خوض کے لیے نیشنل کونسل فار طب کے دفتر-5 جی ، شارع دستور اسلام آباد میں صدر قومی طبی کونسل ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا- جس میں قومی طبی کونسل کے جانب سے نائب صدر قومی طبی کونسل پروفیسر وید محمدجمیل خان ،چیئرمین فنانس کمیٹی محمد بشیر کھیتران ، چیئرمین امتحانی کمیٹی حکیم محمداحمدسلیمی ، ڈائریکٹر یونانی وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن حکیم نذیر احمد اسد ،رجسٹرار نیشنل کونسل فار طب محمد اسماعیل اورہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس (QAA)ڈاکٹر رفیق بلوچ اورڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس محمدناصر شاہ نے شرکت کی- حکیم محمد احمد سلیمی ترجمان قومی طبی کونسل نے معاہدہ کے اہم نقاط بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجو کیشن کمیشن اور نیشنل کونسل فار طب اس امر پر متفق ہیں کہ نیشنل کونسل فار طب ، ہائیر ایجو کیشن کمیشن کی مشاورت سے طب کے انڈر گریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ پروگرام کے نصاب ، فیکلٹی کی تقرری اور طب کے پروگرام کے لیے معیارات کا تعین کرے گی - نیشنل کونسل فار طب ایک کمیٹی تشکیل دے گی جس میں نیشنل کونسل فار طب اور ہائیر ایجو کیشن کمیشن کے نمائندگان نیز معروف اطباء بھی شامل ہونگے- یہ کمیٹی ایکریڈیشن باڈی کے طور پر کام کرے گی- اس کے علاوہ ہائیر ایجو کیشن کمیشن(HEC) ، نیشنل کونسل فار طب(NCT) کی کمیٹی کی جانب سے تجویز کردہ پروگرام کو ہی ایکریڈیٹ کرے گی- اس کے علاوہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن شعبہ طب یونانی کی بہتری اور تحقیق و ترقی کے لیے ایک سینٹر آف ایکسیلینس بھی قائم کرے گا- HEC طب یونانی؍مشرقی کے گریجوایٹس کے لیے دوسرے شعبوں کی طرح بیرون ممالک میں اعلی تعلیم کے لیے سکالر شپ مہیا کرے گی- حکیم محمد احمد سلیمی نے بتایا کہ بہت جلد چیئرمین HEC پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور صدر قومی طبی کونسل پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری ایک بڑی تقریب میں اس معاہدہ پر دستخط کریں گے-