نریندر مودی کا دورۂ لاہور ایک سازش ہے، میاں مقصود
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے بھارتی وزیراعظم کی اچانک آمد اور مختصردورہ پاکستان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان نوازشریف اور بھارتی ہم منصب کے درمیان ملاقات درحقیقت مودی سرکار کی جانب سے ہندوستان پربیرونی دباؤکوکم کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ہندوستان دہشتگردی کوپروان چڑھانے والی ریاست اور اپنی انتہاپسندی کی وجہ سے پوری دنیا میں بدنام ہے۔ایسے میں حکومت پاکستان کوبھارت کے ساتھ مراسم بڑھانے میں احتیاط کرنی چاہئے۔انڈیا کے ساتھ اس وقت تک دوستی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا جب تک وہ کشمیر کاپائیدار حل،آبی جارحیت کامکمل خاتمہ،کراچی وبلوچستان میں ’’را‘‘کی مداخلت ختم اور دہشت گردی کوپروان چڑھانے جیسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آجاتا۔انہوں نے کہاکہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کونقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ہماری ترقی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالیں۔ جب سے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کی منظوری ہوئی ہے وہ اس عظیم منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے اپنے ہاتھ پاؤں ماررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت شروع دن سے ہی مذاکرات کے نام پردنیاکی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتا آرہا ہے۔ بغل میں چھری اور منہ میں رام رام ہندوؤں کاوطیرہ ہے۔