باکسنگ ٹیسٹ :آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 345رنز بنالئے
میلبورن (اے پی پی) آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے مابین باکسنگ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنا لئے۔ عثمان خواجہ نے 144 اور جو برنز نے 128 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ سٹیون سمتھ 32 اور ایڈم ووجز نے 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جیروم ٹیلر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہفتہ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز آچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 29 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب ڈیوڈ وارنر 23 رنز بناکر جیروم ٹیلر کی گیند پر مارلن سیموئلز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر جوبرنز اور عثمان خواجہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 258 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا سکور 287 تک پہنچا دیا۔ جو برنز 128 رنز کی اننگز کھیل کر کریگ براتھویٹ کی گیند پر دنیش رامدین کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوگئے، یہ ان کی دوسری ٹیسٹ سنچری ہے۔ عثمان خواجہ نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی تیسری سنچری داغی، یہ ان کی لگاتار تیسری سنچری ہے، وہ 144 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر جیروم ٹیلر کی گیند پر دنیش رامدین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان سٹیون سمتھ اور ایڈم ووجز نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام تک ٹیم کا سکور 345 تک پہنچا دیا، سمتھ 32 اور ووجز 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے دو اور کریگ براتھویٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔