اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے

اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


رام اللہ / غزہ (این این آئی) فلسطین میں اسرائیل کی منظم ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج کے نہتے فلسطینی مظاہرین کے جلوسوں پرطاقت کے بہیمانہ استعمال کے نتیجے میں مزید 2فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق تحریک انتفاضہ کے 13 ویں جمعہ کے موقع پر فلسطینی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی دہشت گردی کیخلاف یوم الغضب منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یوم الغضب کی مناسبت سے جمعہ کو مغربی کنارے، بیت المقدس اور غزہ کی پٹی میں بھی جلسے جلوس، احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔مشرقی غزہ کی پٹی میں ہونیوالی احتجاجی ریلی اور مغربی کنارے میں رام اللہ کے مقام پر احتجاجی جلوس پر فائرنگ کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے مشرقی غزہ میں الشجاعیہ کالونی میں نکالے گئے مظاہرے کے دوران فائرنگ کی جس کی زد میں آکر22 سالہ نوجوان ھانی رفیق وھدان جام شہادت نوش کرگیا جبکہ کم سے کم 9فلسطینی زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خان یونس میں 6اور البریج پناہ گزین کیمپ میں نکالی گئی ریلیوں پر فائرنگ سے 5فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں۔مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی قصبے سلواد میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک کار سوار فلسطینی خاتون کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئی۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 40 سالہ مہدیہ محمد ابراہیم حماد نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ اسے رام اللہ کے قریب سلواد قصبے میں اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی کار پرجا رہی تھی۔ اسرائیلی فوجیوں ںے الزام عائد کیا ہے کہ فلسطینی خاتون کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب اس نے سڑک کے کنارے کھڑے یہودی آباد کاروں پر اپنی کار چڑھا دی تھی۔
مقامی ذرائع کے مطابق شہیدہ 5بچوں کی ماں بتائی جاتی ہیں۔ فلسطینی ذرائع نے اسرائیلی فوج کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ فلسطینی خاتون نے یہودی آباد کاروں کو اپنی گاڑی تلے کچلنے کی کوشش کی تھی۔ادھر اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے بتایا کہ ایک فلسطینی خاتون نے اپنی گاڑی یہودی فوجیوں پر چڑھا دی تھی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ موقع پرموجود فوجیوں نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی۔

مزید :

عالمی منظر -