شام میں پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 3فلسطینی پناہ گزین شہید ہوگئے

شام میں پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 3فلسطینی پناہ گزین شہید ہوگئے

دمشق (این این آئی) شام میں انسانی حقوق کے مندوبین نے بتایا ہے جمعہ کے روز دارالحکومت دمشق میں بمباری اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں 3 فلسطینی پناہ گزین شہید ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورتحال پرنظر رکھنے والے ادارے’فلسطین شام ایکشن گروپ‘ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دمشق کے نواحی علاقے یلد اور الیرموک پناہ گزین کیمپ کے درمیان ہونے والی فائرنگ سے فلسطینی پناہ گزین محمد حمید الکفری جام شہادت نوش کرگیا۔ حمید الکفری کی شہادت اس وقت ہوئی جب شدت پسند گروپ ’داعش‘ اور ایک دوسرے مسلح گروپ کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کی زد میں آکر الکفری بھی جام شہادت نوش کرگیا۔ ادھر دمشق کے نواح میں واقع خان الشیخ پناہ گزین کیمپ میں توپ خانے کی گولہ باری سے 2 فلسطینی پناہ گزین شہید ہوئے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران خان الشیخ پناہ گزین کیمپ میں توپ خانے کہ گولہ باری سے شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 5ہوگئی ہے۔ انسانی حقوق کے گروپ نے کہا کہ جمعہ کے روز شامی فوج کے جنگی طیاروں نے خان الشیخ پناہ گزین کیمپ کے اطراف میں 4 بیرل بم برسائے جس کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ ہوگئے۔ خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مزید : عالمی منظر


loading...