ترشاوہ پھلوں کی برداشت احتیاط سے کی جائے،محکمہ زراعت
لاہور ( کامرس رپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب کے مطابقترشاوہ پھلوں کی پیداوار میں صوبہ پنجاب کا حصہ 95 فیصد ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس پنجاب میں 4 لاکھ 51 ہزار 120 ایکڑ رقبہ پر موجود ترشاوہ پھلوں کے باغات سے 23 لاکھ 52 ہزار 261 میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوئی ۔ترجمان نے بتایا کہ ترشاوہ پھلوں میں کنو ایک برآمدی پھل ہونے کی وجہ سے پیداوار کے لحاظ سے 89 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اس کی برآمدات روائتی منڈیوں مثلاً افغانستان، خلیجی ممالک اور روس کے علاوہ ایران، چین اور انڈونیشیا میں بھی شروع ہو گئی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ اس وقت ترشاوہ باغات پر لگا ہوا پھل برداشت کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ لہٰذا باغبان پھل کی برداشت اس طریقہ سے کریں کہ پودوں پر لگا پھل زمین پر براہ راست گرانے کی بجائے قینچیوں سے کاٹ کر صاف ستھرے تھیلوں جو کہ ہر قسم کی آلائشوں سے مبرا ہوں ان میں رکھتے جائیں۔
برآمدی پھل مثلاً کنو کے لئے ضروری ہے کہ وہ درآمدی ممالک کے لحاظ سے اپنی دلکش رنگت کے علاوہ اپنا سائز بھی حاصل کر سکے اور اس میں مقدار جوس، پھل کا ذائقہ یعنی مٹھاس و کھٹاس کا بہتر امتزاج موجود ہو۔