حکومت صنعتی ترقی کے فروغ کیلئے سستی توانائی کی دستیابی یقینی بنائے، لاہور چیمبر

حکومت صنعتی ترقی کے فروغ کیلئے سستی توانائی کی دستیابی یقینی بنائے، لاہور ...

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر کی نشوونما برقرار رکھنے اور پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں صنعتی سازی کو وسعت دینے کے لیے سستی توانائی کی دستیابی یقینی بنائے ۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ ماضی میں بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اچانک اضافوں کی وجہ سے صنعتی شعبہ مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مشکلات کا شکار رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے حال ہی میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرکے دانشمندی کا ثبوت دیا لیکن صنعتی شعبے کو ابھی مزید سپورٹ کی ضرورت ہے تاکہ اس کی پیداواری لاگت میں کمی آسکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام مال کی قیمتیں کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں لیکن ان کا پورا فائدہ صنعت و تجارت اور زرعی شعبے کو نہیں ملا لہذا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم از کم 20روپے فی لٹر تک کم ہونی چاہئیں کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 37ڈالر فی بیرل تک گر گئی ہے۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے صنعت و تجارت اور زراعت کو بہت فائدہ پہنچے گا جبکہ افرا ط زر کی شرح میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کو بہت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔

لہذا ضروری ہے کہ حکومت صنعت و تجارت کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نشوونما کا دارومدار زرعی شعبے پر ہے، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے زرعی شعبے کی پیداواری لاگت میں بھی نمایاں کمی آئے گی کیونکہ ڈیزل زرعی مشینری میں بطور ایندھن استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کا اعلان کرے گی۔

مزید : کامرس


loading...