دھان کی کٹائی کے دوران مناسب احتیاط برتی جائے ،محکمہ زراعت
لاہور ( کامرس رپورٹر)زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ دھان کی پیداوار کا5 سے 10 فیصد نقصان کٹائی اور پھنڈائی میں مناسب احتیاط نہ برتنے سے ہوتا ہے اس لئے مونجی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے مناسب وقت پر کٹائی اور پھنڈائی بہت ضروری ہے۔ماہرین کے مطابق فصل کی کٹائی کے وقت کا اندازہ نمی معلوم کرنے والے آلات سے لگایا جا سکتا ہے۔ جب دانوں میں نمی کی مقدار 20 تا 22 فیصد رہ جائے تو دھان کی فصل کٹائی کے قابل ہو جاتی ہے۔ اگیتی کٹائی کی صورت میں مونجی میں سبز اور کچے دانوں کی تعداد اور مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ چونکہ ان دانوں کی نشوونما نامکمل ہوتی ہے اس لئے یہ کمزور رہ جاتے ہیں اور کافی حد تک چھڑائی میں ٹوٹ جاتے ہیں۔ ان میں سفیدی کا حجم بھی زیادہ ہوتا ہے اور اکثر چاول پکائی کے دوران پھٹ جاتے ہیں۔ ماہرین نے کاشتکاروں کو مشورہ دیاکہ فصل کی کٹائی کے بعد جلد از جلدپھنڈائی کریں۔ پھنڈائی کے فوراً بعد مونجی کو مناسب طریقے اور پوری احتیاط سے خشک کرنا بہت ضروری ہے۔ کسی بھی حالت میں سکھائی کے عمل کے دوران چاول کا درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ سے نہیں بڑھنا چاہیے۔ زیادہ مناسب درجہ حرارت 40 تا 43 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔