بانی پاکستان کا قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا،طاہر القادری
لاہور(آئی این پی)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے بانی پاکستان کے یوم ولادت پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے تھے۔ مگر افسوس قائداعظم کا قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔انہوں نے بطور گورنر جنرل اپنے لیے قبل از وقت ریلوے پھاٹک کھلوانے سے انکار کر دیا تھا مگر ان کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والے آئین، قانون کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔ وی آئی پی پیز کیلئے سڑکیں بند کر کے عام شہریوں کی نقل و حرکت روک دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے سرکاری ملازموں کو سیاست سے الگ رہنے کا حکم دیا مگر حکمرانوں نے پولیس، الیکشن کمیشن سمیت ریاست کے ہر ادارے کو سیاسی آلہ کار کے طور پر استعمال کر کے روح قائد کو اذیت دی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی اداروں کے سیاسی استعمال کا شاخسانہ ہے۔تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نوازگنڈاپور، حماد مصطفیٰ، سہیل رضا، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، شہزاد رسول، جواد حامد، حاجی اسحاق و دیگر نے شرکت کی۔ دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک نے جسٹس(ر) محمد جاوید اقبال کے انتقال پر ان کی اہلیہ جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال اور ان کے بڑے صاحبزادے منیب اقبال سے ان کی رہائش گاہ پر جا کر اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ جامعہ الازھر مصر کے سینئر اساتذہ ڈاکٹر محمد عبدالستار الجبائی اور ڈاکٹر عبدالرحیم نے بھی علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس جاوید اقبال کے انتقال پر جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، حماد مصطفیٰ، قاضی فیض الاسلام اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک نے مرکزی سیکرٹریٹ میں سنٹرل ایڈوائزی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور صحت، تعلیم، معیشت، فارن افیئرز ،میڈیا، ماحولیات کے حوالے سے تھنک ٹینک کے قیام کی منظوری دی۔انہوں نے عہدیداروں کو تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔