’’اسٹیٹس کو‘‘ سے ملک نہیں چل سکتا، پاکستان کو دنیا کی بڑی معشیت بنانا ہدف ہے: اسحاق ڈار
لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسٹیٹس کو سے ملک نہیں چل سکتا، موجودہ حکومت معیشت کومنفی زون سے مثبت زون میں لائی‘حکومت سنبھالتے ہی معاشی مسائل کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا، ہماری حکومت نے پاکستانی معیشت کو سہارا دیا‘پاکستان کو دنیا کی بڑی معیشت بنانا ہمارا ہدف ہے۔ وہ گزشتہ روز انکم ٹیکس افسران کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرخزانہ نے کہا اللہ کے فضل سے ہم معیشت کو مستحکم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت سے پہلے پاکستان کو دیوالیہ قرار دینے کی تیاریاں ہوچکی تھیں ،عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان آنا بند کردیا تھا، عالمی سطح پر پاکستان کی ریٹنگ منفی سے بھی نیچے جا چکی تھی۔ اسحاق ڈار نے کہا حکومت سنبھالتے ہی معاشی مسائل کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا، پاکستان نے جو پچھلے 16،15 سال میں کھویا ہمیں وہ حاصل کرنا ہے ،آج عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا گزشتہ حکومت کیلئے گئے قرضے ہم نے ادا کیے لیکن شکایت نہیں کی ، سب کومعلوم ہے کہ ماضی میں کتنا قرضہ لیا اورکتنا واپس کرنا ہے۔ بجٹ میں ہمارے پاس چوائس تھی کہ 3 کے بجائے5 فیصد ٹیکس عائد کرتے۔ معیشت کی بحالی اوراستحکام کیلئے ابھی بہت کام کرنا ہے۔توانائی کے منصوبے2018 تک مکمل ہوجائیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا پاکستان کو ڈیمز کی ضرورت ہے، حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ دیا مر بھاشا ڈیم بنایا جائے، ہم اس وقت 10ہزار 600 میگاواٹ کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں ، ہم توانائی بحران کو حل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دنیا کی بڑی معیشت بنانا ہمارا ہدف ہے۔