لودھراں الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی نے سب کی آنکھیں کھول دیں: پرویز خٹک

لودھراں الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی نے سب کی آنکھیں کھول دیں: پرویز خٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نوشہرہ (آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان مستقبل کے وزیر اعظم ہوں گے، لودھراں کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی سے سب کی آنکھیں کھل گئی ہیں آنے والا دور بھی پی ٹی آئی کا ہے ،میں پہلے بھی پروٹوکول کے چکر میں نہیں پڑا اور نہ میرے لئے کوئی روڈ بلاک ہوئی آئندہ وزیر اعظم نوازشریف سمیت کسی بھی بڑی شخصیت کے لیے سیکورٹی فراہم کریں گے لیکن سڑکیں بلاک نہیں ہوں گی اس ملک سے وی آئی پی کلچر ختم ہونا چاہیے ہم کوئی آسمان سے نہیں اترے وہ کام ہر گز نہیں کریں گے جس سے عوام کوتکلیف ہو ، قوم فرسودہ سیاست سے تنگ آچکی ہے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں نظام کی تبدیلی کا جووعدہ کیاتھا اس پر من وعن عمل پیرا ہے اور بڑی حدتک اداروں میں تبدیلی آچکی ہے ۔وہ ہفتہ کونوشہر ہ کے تفصیلی دورہ کے موقع پر ملنگ بابا خوڑ میں مدرسہ عبیدیہ انوریہ میں تقسیم اسناد کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے اس موقع پر وزیر اعلی نے مدرسہ سے فارغ ہونے والے حفاظ کی دستاربندی کی اور مدرسہ کے لیے پچا س لاکھ روپے کی گرانٹ کااعلان کیا اور ہدایت کی کہ مدرسہ میں جدید علوم کمپوٹر سمیت جدید اور عصری تعلیم کا بھی بندوبست کیاجائے تاکہ طلباء دینی اور دنیاوی تعلیم سے آراستہ ہوں بعدازاں وزیر اعلی لکڑئی گئے جہاں پر ویلج کونسل کے چیئر مین چنار گل نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیاجبکہ پیران بیت الغریب میں چنار خان نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا پیرا ن بیت الغریب میں کونسلر راظیم خا ن اور بانڈہ نبی میں کونسلر نور رحمان نے جلسوں کا اہتما م کیا۔ جلسوں سے وزیر اعلی پرویز خٹک ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل ، راظیم خان اور نور رحمان نے خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے لودھراں کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر جہانگیر ترین ،عمران خان اور تحریک انصاف کے کارکنوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کے لیے بہت بڑ ی کامیابی ہے اس سے پنجاب میں تبدیلی کانیا سفر شروع ہوچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے لودھراں میں جو بات کی ہے وہ بالکل درست ہے سندھ میں دس ماہ کی بچی کی پروٹوکول کی وجہ سے ہلاکت افسوسناک ہے ۔پروٹوکول ایک بہت بڑی زیادتی ہے اس سے لوگوں کو بڑی تکلیف ہوتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جب سے میں نے وز ارت اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالی ہے نہ میں نے کبھی پروٹوکول کی پروا کی اور نہ میں اس کاخواہش مند ہوں میں پہلے دن سے بغیر پروٹوکول کے سفر کررہا ہوں ڈھائی سال میری حکومت کوہوچکے ہیں میرے لیے ایک دن بھی سڑک بند نہیں کی گئی میں نارمل ٹریفک میں چلتا ہوں ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ میں نے اپنے اور وزراء کیلئے پہلے ہی صوبائی انتظامیہ اور پولیس کواحکامات جاری کر رکھے ہیں کہ کابینہ کے ارکان کی نقل و حرکت کے دوران کوئی روڈ بند نہ کیا جائے ۔

مزید :

صفحہ آخر -