خانہ بدوش بچوں کی تعلیم کیلئے موبائل سکولنگ پراجیکٹ لانچ کر دیا گیا

خانہ بدوش بچوں کی تعلیم کیلئے موبائل سکولنگ پراجیکٹ لانچ کر دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( اپنے نامہ نگار سے)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چولستان کے وسیع وعریض صحرائی علاقوں میں آباد خانہ بدوش گھرانوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے موبائل سکولنگ پراجیکٹ لانچ کر دیا ہے۔چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے شروع کردہ اس پراجیکٹ کے تحت بہاولپور ڈویژن کے تین اضلاع پر محیط چولستان کے صحرائی علاقوں کے خانہ بدوشوں کے بچوں کی سہولت کے لئے دس موبائل سکول کھولے گئے ہیں ۔ان سکولوں میں دس ہزار بچوں کی تعلیم کاٹارگٹ مقرر کیا ہے جبکہ کلاسوں کا اجراء جنوری2016 سے کر دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالاسلام راجہ نے گزشتہ روز کوٹاویں والی میں موبائل سکولنگ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان اور ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نعیم اقبال سید کے علاوہ مقامی کمیونٹی کے نمایاں افراد بھی موجود تھے۔


چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمرالاسلام نے اپنے خطاب میں بتایا کہ موبائل سکولنگ اپنی نوعیت کے اعتبار سے دنیا بھر میں واحد مثال ہے جس کے تحت ضرورت مند بچوں کو ان کی دہلیز پرمفت اور معیاری تعلیم میسر آئے گی۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ان سکولوں کے اساتذہ کو تنخواہ کے علاوہ موٹر سائیکل اور پٹرول کی سہولت بھی مہیا کرے گی۔اس طرح مقامی لوگوں کو تعلیم کے علاوہ روزگار میسر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بہاولپور ڈویژن میں چولستان کے 75 پارٹنر سکولوں کے ذریعے چھ ہزار سے زائد طلبا وطالبات کو مفت تعلیم کی سہولت مہیا کررہی ہے۔اس پراجیکٹ سے چولستان میں تعلیم کے اجالے پھیلے ہیں۔اب خانہ بدوش گھرانوں کے بچوں کی سہولت کے لئے موبائل سکولنگ کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے تاکہ موسمی حالات کی بنا پر خانہ بدوشی کرنے والے گھرانوں کے بچوں کی تعلیم کا سلسلہ منقطع نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے جنوبی پنجاب میں تعلیم عام کرنے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہم نے تعلیم کے ذریعے ضرورت مند بچوں کو زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔اسی طرح پیف کے تعلیمی منصوبوں سے غربت کے خاتمے میں بھی مدد ملی ہے۔وزیر مملکت بلیغ الرحمان نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ ان تعلیمی منصوبوں سے جنوبی پنجاب میں علم کی روشنی عام ہوئی ہے۔تقریب سے ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر چولستان کے مکینوں نے مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے بچے تعلیم کے ذریعے اپنا مقدر سنوار رہے ہیں،اسی طرح گرلز ایجوکیشن کی بدولت ہماری بچیوں کا مقدر بھی سنورا ہے۔