دکھی انسانیت کی خدمت کسی عبادت سے کم نہیں، اللہ رکھا چودھری
لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبہ کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولتو ں کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔اربوں روپے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری پر صرف کئے جا رہے ہیں۔دکھی انسانیت کی خدمت کسی عبادت سے کم نہیں ،پنجاب حکومت اسی مقصد کے پیش نظر عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ضروری قدم اٹھا رہی ہے ۔ سرکاری او رنجی ہسپتالوں کو کم ازکم سروس ڈلیوری کے معیار کے حصول کا پابند بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کی موثرمانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ صوبے میں عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایک جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے ، صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔مسلم لیگ ن عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے ،یہ ہی وجہ ہے کہ عوام نے بلدیاتی انتخاب میں مسلم لیگ ن پر گہرے اعتماد کا اظہار کیا ۔