مودی نے پاکستان کے دورہ کیلئے مدبر سیاستدان کا طریقہ اختیار کیا،سشما سوراج
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اچانک دورہ پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی نے مدبر سیاستدان کا طریقہ اختیار کیا،پڑوسیوں کے درمیان ایسے ہی رشتے ہونے چاہئیں جو سرد مہری سے پاک ہوں۔بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کے اچانک دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ "یہ مدبر سیاستدان کا طریقہ ہے، پڑوسیوں سے ایسے ہی رشتے ہونے چاہیءں۔ہمیں سرد مہہری سے پاک اچھے تعلقات کی ضرورت ہے۔دونوں ملکوں کو مسائل بات چیت سے حل کرنے چاہئیں ۔دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے تعلقات رواں سال انتہائی کشیدہ اور سرد مہری کا شکار رہے اور اگست میں دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات بھی طے شدہ وقت سے چند گھنٹے قبل منسوخ کردیے گئے تھے۔لیکن ان تعلقات میں اچانک بہتری تیس نومبر کو موسمیاتی تغیرات سے متعلق پیرس میں منعقدہ کانفرنس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے اعظم کی غیر رسمی مختصر ملاقات کے بعد آنا شروع ہوئی۔