مودی کا دورہ ،جماعت اسلامی کا پاکستان ،عام آدمی پارٹی ،کانگریس اور شیو سینا کا بھارت میں احتجاج

مودی کا دورہ ،جماعت اسلامی کا پاکستان ،عام آدمی پارٹی ،کانگریس اور شیو سینا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( اے این این )بھارتی وزیراعظم کی اچانک لاہور آمد کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ وحدت روڈ پر ہونے والے اس مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، حافظ سلمان بٹ نے کی ۔ مظاہرین نے اس موقع پر نواز مودی بھائی بھائی۔ دونوں بھائیوں کو بھگاناہے ، پاکستان کو بچاناہے ۔ انڈیا کا جو یار ہے ، غدارہے غدار ہے ، کشمیریو ں کا قاتل نریندر مودی ، کے نعرے لگائے ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آج انڈیا کا وزیراعظم نریندر مودی وزیراعظم پاکستان نوازشریف کی دعوت پر لاہور آیا ہے ،یہ وہی مودی ہے جب یہ گجرات کا وزیراعلیٰ تھا تو متعدد پاکستانی مسلمانوں کو گودھرا ٹرین میں زندہ جلوادیاتھا ۔ 1971 ء میں پاکستان کو توڑنے اور اسے برباد کرنے میں حصہ ادا کیا ۔ مکتی باہنی کا سرپرست تھا اور خود اس کا اعتراف بھی کیا ۔ مودی سرکا نے کشمیریوں کی نسل کشی شروع کی اور پاکستان کے بارڈر پر حملے کرائے جس سے پاکستانی بارڈر پر مقیم ہزاروں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے اور درجنوں لوگ شہید ہوئے ۔اس نے بابری مسجد کو شہید کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا اور اب وہاں رام مندر تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔سراج الحق نے کہاکہ خود پاکستانی حکومت کہتی ہے کہ بلوچستان میں دھماکے کرانے اور لوگوں کو اغوا کرنے میں بھارت ملوث ہے ۔نوازشریف نے مسلمانوں کے قاتل اور نظریہ پاکستان کے دشمن کو کس قیمت پر بلایا ہے؟۔

نئی دہلی ،ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان جانے کے خلاف انتہا پسند ہندو تنظیم شیوسینا ،کانگریس اور عام آدمی پارٹی کا شدید احتجاج سامنے آیاہے ۔مودی کے لاہور پہنچنے پر بھارت میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر جمع ہوئی اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے بی جے پی کے جھنڈے نذرآتش کردیئے۔ممبئی میں شیوسینا کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مودی کا دورہ پاکستان قابل اعتراض ہے۔ ان کو اس پر عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ تفصیلا ت کے مطابق بھارتی سیاسی جماعت کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’اچانک دورہ لاہور‘‘کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے بھارتی عوام اور پارلیمنٹ کو اس حوالے سے اندھیرے میں کیوں رکھا ؟بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کانگریس کے ترجمان اجوئے کمار نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کی خبر ٹوئٹر سے ملنا ملک کی بد قسمتی ہے،ابھی پاکستان اور بھارت کے تعلقات اتنے اچھے نہیں ہیں کہ بھارتی وزیر اعظم کسی ملک کے دورے سے واپسی پر پاکستان رْک جائیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ کچھ عرصہ قبل بھارتی لوک سبھا کے اجلاس میں اس بات کا تذکرہ کیوں نہیں کیا گیا ،بھارتی عوام اور پارلیمنٹ کو اس حوالے سے اندھیرے میں کیوں رکھا گیا۔وزیر اعظم نریندر امودی نے اس حوالے سے پارلیمنٹ اور بھارتی عوام کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا۔کانگریس کے رہنما منیش تیواری نے بھارتی وزیر اعظم کو دورہ پاکستان کو ’’ایڈ ونچر ‘‘قرار دے دیا۔ان کا کہناہے کہ نریندر مودی کے اس ایڈ ونچر کے نیشنل سکیورٹی پر بہت اثرات ہونگے ۔واضح رہے کہ نریندرا مودی اچانک پاکستان کے چند گھنٹوں کے دورے پر گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے تھے۔

مزید :

صفحہ اول -