سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 8ویں برسی آج منائی جائیگی
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلزپارٹی کی شہید چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 8ویں برسی (آج) اتوار کو منائی جارہی ہے اس سلسلے میں مرکزی تقریب گڑھی خدابخش میں ہوگی جہاں ہزاروں کی تعداد میں جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اورا س سلسلے میں قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں ، جلسے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ، خورشید احمد شاہ ، وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر رہنما خطاب کرینگے ،اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، پولیس کی بھاری نفری گڑھی خدابخش بھٹو میں تعینات کردی گئی،گڑھی خدابخش اورنوڈیرہ ہاؤس پر تقرییاً20واک تھرو گیٹس اورکلوزسرکٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور شہدا ء کے مزار کو پولیس کے اسپیشل کمانڈوز نے اپنی حفاظتی تحویل میں لے رکھاشہدا کے مزارات کے3کلومیٹر کے فاصلے کو ریڈزون قراردیتے ہوئے 22پولیس چوکیاں قائم کردی گئیں ۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری بیرون ملک ہونے کے باعث رواں مرتبہ بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریبات اور جلسہ عام میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔