امن و امان کے نام پر سندھ پر چڑھائی کی گئی، آئینی اصولوں کو پامال نہیں ہونے دینگے،آصف زرداری
دبئی(اے این این )پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امن و امان کے نام پر سندھ پر چڑھائی کی گئی ،تمام آئینی اصولوں کے خلاف ورزی کی جا رہی ہے لیکن ہم آئینی اصولوں کو پامال ہونے نہیں دیں گے۔ سابق صدر آصف زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندوں کو ملک کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عسکریت اور انتہا پسند مذہب کے نام پر ریاست پر قبضہ کر کے خود ساختہ خلافت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا ایجنڈا داعش، کینیا کے الشباب اور نائیجیریا کے بوکو حرام سے مختلف نہیں ۔ انہوں نے کہ پیپلز پارٹی شدت پسندوں کو کامیاب نہیں ہونے دی گی، کارکنوں اور عوام کی مدد سے آئین کو سربلند رکھے گی۔ بینظیر بھٹو کے ویژن، آئینی، جمہوری اور انسانی حقوق کیلئے ان کے عزم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔