اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 6.9شدت کا زلزلہ ،خاتون جاں بحق ،متعدد زخمی

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 6.9شدت کا زلزلہ ،خاتون جاں بحق ،متعدد زخمی

اسلام آباد، لاہور،پشاور،گلگت بلتستان( اے این این )وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی اور اس کا دورانیہ 90سیکنڈ تھا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آزاد کشمیر، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے شدید سردی میں گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے باعث39افراد زخمی ہوگئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی اور اس کا دورانیہ 90سیکنڈ تھا جب کہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش اور اس کی گہرائی 190کلو میٹر تھی۔ زلزلے کے باعث پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد، چار سدہ، چترال، دیر بالا، صوابی، شب قدر، شانگلہ، مری، سوات اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کو بھی عارضی طور پر معطل کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق زلزلے کے تین جھٹکے وقفے وقفے سے محسوس کیے گئے، پہلے جھٹکے کا دورانیہ 10 سے 15 سیکنڈ جبکہ دیگر 5 سے 10 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔ گلگت کے ضلع غذر کے گاؤں گلواس میں پہاڑ سے بھاری تودہ ٹوٹ کر قریبی مکان پر آگرا جس کے نتیجے میں مکان ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اور ایک خاتون جاں بحق اور اس کے شوہر سمیت تین بچے شدید زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب پنگل کے علاقے میں پہاڑی تودے گرنے سے گلگت چترال روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی اور شاہراہ قراقرم چلاس اور کوہستان کے درمیان بھاری پتھر گرنے کے باعث بلاک ہو گئی ہے۔جڑواں شہروں میں خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔ پنجاب میں لاہور ، گوجرانوالہ ، مرید کے ، حافظ آباد ، سیالکوٹ ، قصور ، ننکانہ ، کالا شاہ کاکو ، بورے والا ، فیصل آباد ، جھنگ ، شور کوٹ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ ، بہاولپور ، بہاولنگر ، ملتان ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، چیچہ وطنی ، وہاڑی ، میانوالی ، مری اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...