قوم کے مثالی اتحاد کی طاقت سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے :شہباز شریف

قوم کے مثالی اتحاد کی طاقت سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے :شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے یوم قائداعظمؒ کے موقع پر سٹیٹ آف دی آرٹ محمد شہباز شریف ہسپتال بیدیاں روڈ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے افتتاح کے بعد وہاں فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی جدید سہولتوں کا جائزہ لیا اور پورے ہسپتال کی عمارت کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جدید فلٹر کلینک (ایمرجنسی) کا دورہ کیا اورفلٹر کلینک کے مختلف حصے دیکھے اور وہاں موجود ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف سے گفتگو کی۔ وزیر اعلیٰ نے مرکز برائے بحالی جسمانی معذوراں کامعائنہ کیا اور وہاں جسمانی معذوری سے متعلق علاج معالجے کی سہولتوں کے معیار کی تعریف کی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کی مین عمارت میں قائم جدید لیب، وارڈز، ایکسرے روم، زچہ و بچہ کلینک اور دیگر طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے وہاں موجود عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار ہسپتال عوام کو معیاری طبی سہولتیں مہیا کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ یہاں کا عملہ مستعد اور خوش اخلاق ہے جبکہ صفائی کا بہترین انتظام ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہسپتال کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 60 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال دو برس میں مکمل کیا گیا ہے اورہسپتال میں علاج معالجہ کی جدید ترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور مریضوں کا فری علاج کیا جائے گا اور انہیں ادویات بھی مفت ملیں گی اور اس ہسپتال کو مستقبل میں سو بستروں تک بڑھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیدیاں کے رہائشیوں کے لئے یہ انمول تحفہ ہے اور ہسپتال میں انوینٹری کنٹرول کیلئے کمپیوٹرائنزڈ نظام رائج کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال مظفر گڑھ کی طرز پر چلایا جائے گا اور مجھے یقین کامل ہے کہ انڈس ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹرفیصل باری اور ان کی ٹیم ہسپتال کو انتہائی پیشہ ورانہ طریقے سے چلائے گی جس سے دکھی انسانیت کو فائدہ ہوگا اور اس علاقے کی آبادی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال میں جسمانی طور پر معذور ہونے والوں کی بحالی کا جدید سنٹر بھی بنایا گیا ہے اور اس سنٹر کے قیام پر متعلقہ ڈاکٹرز کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ یوم قائد اعظمؒ کے موقع پر اس ہسپتال کا افتتاح دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم کا اظہار ہے اور یہ ہسپتال قائدؒ کے پاکستان کی جانب ایک اور قدم ہے ۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے قائد کا پاکستان بنانے کیلئے مل کر محنت کرنا ہوگی۔ قائدؒ کے پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لئے عوام کو تعلیم اورعلاج معالجے کے سستے اور فوری مواقع مہیا کرنا ہیں۔ یقیناًاس ہسپتال کے افتتاح سے قائدؒ کی روح کو سکون ملے گا کیونکہ قائد اعظمؒ نے پاکستان اس لئے بنایا تھا کہ یہاں سب کو علاج معالجے اور تعلیم کی اعلیٰ سہولتیں ملیں۔ انہوں نے کہا کہ 68 برس کے دوران پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائدؒ کا پاکستان نہیں بنایا جا سکا اور آج بھی اشرافیہ کو علاج معالجے اور تعلیم کی سہولتیں میسر ہیں جبکہ عام آدمی کیلئے ان سہولتوں کو عام کرنا ایک چیلنج ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری طبی اور تعلیمی سہولتوں پر ہر شہری کا برابر کا حق ہے اور حکومت انہیں یہ حق لوٹا کر دم لے گی کیونکہ قائداعظمؒ نے اسی مقصد کیلئے پاکستان بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تقریروں کا وقت گزر چکا، اب عمل کرکے ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔ محنت، دیانت اور امانت کے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنائیں گے اور اس کیلئے ہم سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں معاشی و سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کے متعدد منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پراجیکٹ چین کی قیادت کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے اور منصوبہ مکمل ہونے سے روزانہ اڑھائی لاکھ مسافر میٹرو ٹرین پر سفر کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم نے بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کرکے شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں۔سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحے پر ہے۔ پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم یکجان ہے۔دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل صفایا ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں جدید طبی سہولتوں کی فراہمی پر رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال مظفرگڑھ کے صدر میاں محمد احسن، انڈس ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر فیصل باری اور انٹرنیشنل ریڈکراس کا شکریہ ادا کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی جدید سہولتوں کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکبادیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور آج آپ کی خوشیوں میں ہم بھی شریک ہیں۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، اراکین اسمبلی ، نومنتخب بلدیاتی نمائندے ، سیکرٹری صحت ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی اویس احمد لغاری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے وسائل مہیا کئے ہیں اورحکومت دیہی و شہری علاقوں کی متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کا دس فیصد زائد کوٹہ رکھا ہے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت جنوبی پنجاب میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام میں 10فیصد زائد حصہ رکھا گیا ہے جو کہ پنجاب حکومت کی متوازن ترقی کی پالیسی کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘دیہی معیشت کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک تاریخی منصوبہ ہے اور یہ پروگرام دیہی آبادی کے لئے خوشحالی کی نوید ہے۔انہوں نے کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا انقلابی پروگرام دیہات میں بسنے والوں کے طرز زندگی کو بدل دے گا۔ پروگرام سے کاشتکاروں ،محنت کشوں، طلبا اور پوری دیہی آبادی کو یکساں فائدہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسی طرح صاف پانی پراجیکٹ کے تحت بھی جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جا رہی ہے اور ان علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اورصوبائی حکومت پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ2017-18ء تک دیہات میں بسنے والے ساڑھے تین کروڑ افراد کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گااور پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کا حق دے کر رہے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہنیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے سدباب کے لئے متفقہ قومی لائحہ عمل ہے اورپوری قوم پاکستان سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے یک جان ہو چکی ہے۔ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لئے پاک افواج ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے اور انشاء اللہ قوم کے مثالی اتحاد و اتفاق کی طاقت سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ۔وہ ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے پولیس کو اپنے فرائض تندہی اور جانفشانی سے سرانجام دینا ہیں ۔امن عامہ کی فضا کو بہتر بنانے کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے پہلے بھی عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے ۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ جرائم میں کمی لانے اور پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے اورپولیس نظام میں بہتری کے لئے اصلاحات کے پروگرام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور تھانوں میں سائل کی داد رسی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل ، انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ اورمتعلقہ حکام نیویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے نئے چیئرمین عطاالحق قاسمی نے ملاقات کی۔وزیر اعلی نے عطا الحق قاسمی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ الیکٹرانک میڈیا کی تیز رفتار ترقی کے باعث پاکستان ٹیلی ویژ ن کارپوریشن کا کردار زیادہ بڑھ گیا ہے ۔ ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں پی ٹی وی کا کردار بہت اہم ہے ۔امید ہے کہ عطاالحق قاسمی پاکستان ٹیلی ویژن کی بہتری کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...