سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کا پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے قیام کا اعلان

سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کا پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے قیام کا ...

اسلام آباد(آئی این پی)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اپنی سیاسی جماعت بنا کر باضابطہ طور پر ملکی سیاسی میں قدم رکھنے کا اعلان کر دیا ، اسلام آباد میں ’’پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی‘‘ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت عدل و انصاف کے ساتھ ساتھ احتساب کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کے مسائل کو حقیقی طور پر حل کیا جا سکے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا عدل لے کر آئیں گے کہ لوگوں کو پتا چلے کہ انصاف کیسے کیا جاتا ہے؟اْن کا کہنا تھا کہ وہ اقتدار میں آ کر بے رحمانہ احتساب کریں گے۔اْن کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی نظام کے لئے جدوجہد کریں گے ،اْن کی پارٹی میں وہی شامل ہو گا جو کرپٹ نہیں ہو گا ،سوئیس بنکوں سے ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔اْنہوں نے کہا کہ میرے پاس دو راستے تھے آسائش کا اور کٹھن ،میں نے مشکل اور کٹھن راستے کا انتخاب کیا۔واضح رہے کہ جسٹس (ر)افتخار محمد چودھری نے 2007 ء میں اس وقت کے فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کی طرف سے معزول کیے جانے کے بعد نہ صرف اپنے خلاف حکومتی الزامات کو مسترد کیا بلکہ وکلا کے ساتھ مل کر’’ عدلیہ کی آزادی ‘‘کے نام سے ایک تحریک میں بھی بھرپور حصہ لیا اور 2009ء میں اپنے عہدے پر بحال ہوئے۔افتخار چودھری کو بطور چیف جسٹس ایسے معاملات پر از خود نوٹس لینے سے شہرت ملی جن کا تعلق عوامی مسائل یا انتظامیہ کی عدم توجہ یا غفلت سے ہوتا تھا۔لیکن ساتھ ہی ساتھ انھیں اپنے بیٹے ارسلان افتخار پر لگنے والے بدعنوانی کے الزامات کے باعث شدید تنقید کا بھی سامنا رہا۔یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی سابق چیف جسٹس نے اپنی سیاسی جماعت بنا کر سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...