قائداعظم ؒ کا یوم ولادت قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

قائداعظم ؒ کا یوم ولادت قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

کراچی / اسلام آباد ( اے این این ) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا 139 واں یوم ولادت جمعہ کو ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، مزار قائد پر گارڈز کی تبدبلی کی پُروقار تقریب ، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے بانی پاکستان کی آخری آرام گاہ کے نظم و نسق کی ذمہ داریاں سنبھال لیں،تقریب میں تینوں مسلح افواج کے آفیسرز اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی ،صدر ممنون حسین کی مزار قائد پر حاضری، پھول چڑھائے فاتحہ خوانی کی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی عوام نے جمعہ کو اپنے عظیم قائدمحمد علی جناح کا 139 واں یوم ولادت ملی جذبے اور جوش کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر کراچی میں ان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی عمل میں لائی گئی،تبدیلی کیلئے منعقدہ خصوصی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ میجر جنرل ندیم رضا تھے جنھوں نے تلاوت قرآن کے بعد مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے آفیسرز اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے 80 چاق و چوبند کیڈٹوں نے مزار قائد کے نظم و نسق کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔مزار قائد پر فوجی بینڈ نے پر جوش انداز میں سلامی بھی دی۔اس سے قبل پاک فضائیہ کے جوان سیکورٹی کی ذمے داریاں ادا کررہے تھے۔ یوم ولادت کے موقع پر صدر ممنون حسین نے بھی جمعہ کو مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزید : صفحہ اول


loading...