بجٹ میں تعلیم اور صحت کے لیے مزید رقم مختص کی ہے :وزیر اعلٰی سندھ

بجٹ میں تعلیم اور صحت کے لیے مزید رقم مختص کی ہے :وزیر اعلٰی سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاڑکانہ(خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے کیڈٹ کالج میں آکر خوشی محسوس ہوئی ہے، حکومت سندھ بجٹ میں تعلیم اور صحت کے لیے مزید رقم مختص کی ہے، اس کالج کا قیام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا جو پورا ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں 24 یوم والدین منانے کی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کالج کا باقاعدہ افتتاح شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1994 میں کیا تھا میں ملک کے مختلف کالجز کے ساتھ اس کالج کو دیکھتا ہوں یہ کالج مزید نمایاں نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے طلبہ معیاری تعلیم حاصل کرکے پوزیشن حاصل کرلیتے ہیں یہاں پڑھ کر فارغ ہونے والے طلبہ روشن مستقبل کے مالک ہیں، ہم تعلیمی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے مزید یونیورسٹیاں قائم کررہے ہیں جن میں میڈیکل یونیورسٹیوں کا قیام بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کالج کے پرنسپل رٹائرڈ لیفٹنٹ کرنل افتخار حسین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج کی ترقی اور طلبہ کو معیاری تعلیم دینے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کیڈٹ کالج کی ترقی اور تعلیم کے فروغ کے لیے 5 کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر کیڈٹ کالج کے پرنسپل رٹائرڈ لیفٹنٹ کرنل افتخار حسین وزیراعلیٰ کو کالج کی جانب سے شایع کی گئی کتابیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج میں طلبہ کو معیاری تعلیم دی جارہی ہے، یہاں کے طلبہ ہر شعبے میں پوزیشن حاصل کرچکے ہیں، اس کالج کے قیام کا مقصد اندرونی سندھ کے طلبہ کو معیاری تعلیم اور فزیکل ٹریننگ دینا ہے یہاں کے طلبہ بہتر تعلیم حاصل کرکے مستقبل کے معمار بنیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس، انجنیئرز، ڈاکٹرز اور اساتذہ میں شیلڈس، کیش پرائیز، کپ، گولڈ میڈل اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں اور کیڈٹس پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ کالج کے کیڈٹس کی جانب سے ینگ کمانڈو اسکواڈ شو اور فزیکل جمناسٹک شو پیش کیا گیا، کیڈٹس نے مارچ پاس کیا اور وزیراعلیٰ کو سلامی بھی دی۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے کیڈٹ کالج میں تعمیر شدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسٹیڈیم کا افتتاح کیا اور شہباز ہاؤس بلڈنگ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر سینیئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، اسپیکر سندھ آغا سراج درانی، ڈپٹی کمشنر جاوید علی جاگیرانی، ایس پی مسعود بنگش سمیت پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان بھی تعداد میں موجود تھے۔