چارسدہ میں پی ٹی آئی بابائے قوم کی یوم ولادت بھول گئی
چارسدہ (بیورو رپورٹ )بابائے قوم کو آئیڈیل قرار دینے والے عمران خان کی صوبائی حکومت بابائے قوم کی یوم ولادت بھول گئی ۔ پورے خیبر پختون خواہ میں کہیں بھی بابائے قوم کی یوم ولادت اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کسی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا ۔ وفاق کی نشانی گورنر ہاؤس پشاور میں بھی پر اسرار خاموشی ۔خیبر پختون خواہ کے گورنر اور وزیر اعلی نے بہتے گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے ۔ عوامی خلقوں کی تنقید ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خیبر پختون خواہ کے کسی بھی حصے میں سرکاری طور پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت کے حوالے سے کسی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا ۔ خیبر پختون خواہ کے در الخلافہ پشاور میں وزیر اعلی ہاؤ س اور گورنر ہاؤس میں 25دسمبر کو پر اسرار خاموشی چھائی رہی ۔ خیبر پختون خواہ کابینہ میں شامل کسی صوبائی وزیر اور درجنوں مشیر حاص کو بھی بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت یاد نہیں رہا اور نہ کسی نے ا س حوالے سے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان قائد اعظم محمد علی جناح کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں مگر اس حوالے سے بنی گالہ میں بھی مکمل خاموشی چھائی رہی ۔اس حوالے سے عوامی خلقوں نے شدید تنقید کی اور کہاکہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر اور قائدین کو نہیں بھولتے مگر خیبر پختون خواہ کی صوبائی حکومت اور گورنر ہاؤس کے انتظامیہ نے غفلت اور لا پر واہی کی نئی مثال قائم کی ہے ۔