افتخار چوہدری نے گیلانی کو گھر بھیج کر اپنی سیاست کی بنیاد رکھی، زرداری ” بابائے قومی سیاست“ ہیں: رحمان ملک

افتخار چوہدری نے گیلانی کو گھر بھیج کر اپنی سیاست کی بنیاد رکھی، زرداری ” ...
افتخار چوہدری نے گیلانی کو گھر بھیج کر اپنی سیاست کی بنیاد رکھی، زرداری ” بابائے قومی سیاست“ ہیں: رحمان ملک

  


گڑھی خدا بخش(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جس دن وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو گھر بھیجا اسی دن اپنی سیاسی پارٹی کی بنیاد رکھ دی تھی لیکن اعلان اب کیا ہے۔ آصف علی زرداری ” بابائے قومی سیاست “ کی جب بھی طبیعت ٹھیک ہوگی پاکستان واپس آجائیں گے۔

گڑھی خدابخش میں بینظیر بھٹو کی آٹھویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس جنہوں نے 25 دسمبر کو جسٹس پارٹی کا اعلان کیا ہے انہوں نے اپنی سیاسی پارٹی کی بنیاد اسی دن رکھ دی تھی جس دن انہوں نے منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج دیا تھا ۔ ماضی میں ہمارے ساتھ بہت زیادتیاں کی گئیں لیکن ہمارے ساتھ اب زیادتیاں نہیں ہونگی۔

انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو ” بابائے قومی سیاست“ کا نیا لقب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد پاکستان واپس آئیں گے۔ آصف علی زرداری اپنی بیماری کا علاج کرانے کیلئے بیرون ملک موجود ہیں ان کے کمر کے مہروں میں فاصلہ آچکا ہے جبکہ انہیں دل اور شوگر کے امراض بھی لاحق ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چشم دید گواہ ہوں کہ بی بی کو الیکشن کے بعد آنے کا کہا گیا لیکن انہوں نے مشرف کی تجویز کو رد کردیا اور نہ ہی انہوں نے این آر او سائن کیا، پی پی طالبان اور دہشتگردوں کیلئے خطرہ ہے ، آنے والا دور پی پی کا ہوگا اور اس کے قائد بلاول ہونگے۔

رینجرز اختیارات کے حوالے سے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک کمسن بچی کو 9 لوگ ریپ کرتے ہیں مگر رینجرز ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتی ،ساری کارروائیاں سندھ کے خلاف ہی کیوں ہورہی ہیں؟

اپنی تقریر میں رحمان ملک نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ بینظیر بھٹو قتل کیس کی شنوائی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...