ہسپتالوں میں وی آئی پی سیکورٹی اور پروٹوکول پر پابندی لگائی جائے: تہمینہ درانی
لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی وی آئی پی پروٹوکول کے خلاف میدان میں اتر آئیں ۔ان کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں وی آئی پی سیکورٹی اور پروٹوکول پر پابندی لگائی جائے، کراچی میں کمسن بسمہ کی موت سب کیلئے سوالیہ نشان ہے۔وزیر اعلی پنجاب کی اہلیہ تہمینہ درانی نے سول سو سائٹی کے ہمراہ لبرٹی چوک میں کراچی میں ہلاک ہونے والی بسمہ کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور اس کی تصویر پر پھول نچھاور کیے۔تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ بسمہ نے اے پی ایس کے شہدا کی یاد تازہ کردی، اس کے والد کو ادھر ادھر گھماکر خوار کیا گیا۔ بسمہ کی موت سے معاشرے پر چھائی بے حسی کی دھند چھٹ جانی چاہیے ۔تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے شہروں میں بھی وی آئی پی سیکورٹی اور پروٹوکول پر پابندی ہونی چاہیے ، وی آئی پیز کو چاہیے کہ اکیلے اسپتالوں میں جائیں۔تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ وہ عبدالستار ایدھی کی پیروکارہیں ، بڑا گھر چھوڑ کر دس مرلے کے مکان میں منتقل ہوگئی ہیں۔