اصل ایکشن پلان سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، مانیٹرنگ کیلئے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے:بلاول بھٹو
نوڈیرو(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اصل ایکشن پلان سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔وزیراعظم بتائیں اب تک کون سا بڑا دہشت گرد یا ان کا سہولت کارپکڑا گیا ہے ۔ہم اصل نیشنل ایکش پلان کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی آٹھویں برسی کے موقع پر کارکنوں کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب میں بلاول بھٹو وزیراعظم میاں نواز شریف پر برس پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھا ایک شخص داعش کا حامی ہے اور آپ میں اس کو پکڑنے کی ہمت نہیں۔وزیراعظم بتائیں اب تک کون سا بڑا دہشت گرد پکڑا گیا ہے، پارلیمنٹ میں ہماری بات نہ سنی گئی تو عوام کی عدالت میں جائیں گے۔فوج دہشت گردی کیخلاف جان کی قربانیاں دے رہی ہے لیکن اس کی قربانیوں کو ضائع کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹی بنائی جائے یہ نیشنل ایکشن پلان نہیں ن لیگ کا ایکشن پلان ہے۔ہر دور میں پیپلز پارٹی کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔ کیا سانحہ ماڈل ٹاون دہشت گردی نہیں وہاں کس نے فائرنگ کا حکم دیا۔کیا میاں صاحب آپ کو وہاں فائرنگ کرنے والے نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے ذریعے غریبوں کومارا جا رہا ہے۔کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر انتقام کی باتیں کی جارہی ہیں اگر ایسا ہوا تو کسی کے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا۔کسانوں پر بڑا ظلم کیا جا رہا ہے۔ پٹرول سستا نہ کر کے عوام کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے۔