پاکستان اور بیرون ملک بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر تقریبات، کارکنوں کے خون کے عطیئے

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت متعدد ممالک میں عالم اسلام اور پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور بھٹو شہید کی بیٹی بے نظیر بھٹو شہید کی آٹھویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ لاہور ، راولپنڈی، لالہ موسیٰ، گجرات، کوئٹہ، پشاور، راولا کوٹ، مظفر آباد، ملتان، رحیم یار خان، گوجرانوالہ، سوات، کراچی، حیدر آباد سمیت ملک بھر میں اس موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ان تقریبات میں شریک متعدد کارکن اس موقع پر اپنے جذبات پر قابو نہ پا سکے اور زارو قطار روتے رہے۔ان تقریبات میں بی بی شہید اور بھٹو خاندان کے دیگر شہدا کیلئے دعائیں کی گیئں۔ راولپنڈی میں بی بی کی جائے شہادت پر جیالے قرآن خوانی کے بعد لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔پاکستان کی طرح امریکہ، فرانس، دبئی،لندن، ناروے اور دیگر ممالک میں بھی جیالوں نے تقریبات منعقد کیں اور بی بی شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر ملکی سلامتی کی دعائیں کی گیئں اور قرآن پاک کے ختم کرائے گئے۔کئی شہروں میں کارکنوں نے خون کے عطیئے بھی دیئے جو دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی پاک فوج کے جوانوں کو دیئے جائینگے۔