150 سالہ قدیمی چینی لبان ورکشاپ لاہور میں قائم کی جائے گی

150 سالہ قدیمی چینی لبان ورکشاپ لاہور میں قائم کی جائے گی

لاہور(پ ر) چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ کا کہنا ہے کہ لاہور میں 150 سالہ قدیمی چینی لبان ورکشاپ قائم کی جائے گی جس میں اپریل 2018 تک کلاسز کا اجراء کر دیا جائے گا۔ ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں تیان جن ماڈل ووکیشنل ٹریننگ کالج کے 4 رکنی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ لبان ورکشاپ چین سمیت دنیا بھر میں 150 سال سے نوجوانوں کو جدید ترین فنی تعلیم مہیا کر رہی ہے جو بہت جلد پنجاب کو نوجوانوں کو بھی بین الاقوامی میعار کی فنی اور ووکیشنل تعلیم مہیا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پرورکشاپ میں دو کورسز جن میں ایڈوانس چائینیز لینگوئج اور آٹومیشن پروڈکشن لاین کے کورسز کا اجراء کیا جائے گا جبکہ اگلے سیشن میں میڈیا آرٹس سمیت دو مزید کورسز شامل کئے جائنگے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ورکشاپ کے قیام کے سلسلے میں وفد گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ ٰنسٹیٹیوٹ گلبرگ اور مغلپورہ کا دورہ کریگا جس کے بعد کالج کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تین روزہ دورہ کے دوران وفد ورکشاپ کے قیام کا باقاعدہ معاہدہ بھی طے کرے گا جس کا ایم او یو مئی میں چین میں طے پایا تھا۔ وفد اپنے دورہ میں وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کرے گا۔ چیئرمین ٹیوٹا نے کہا کہ چین کے ماسٹر ٹرینر مستقل طور پر ورکشاپ میں ٹریننگ دینگے۔

جبکہ پاکستانی ٹرینرز چین میں جا کر ٹریننگ حاصل کرینگے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی شدید خواہش ہے کہ لبان ورکشاپ سے دنیا بھر کے نوجوانوں کی طرح پاکستانی نوجوان بھی بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ورکشاپ کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے عرفان قیصرشیخ نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے لئے بین الاقوامی میعار کی روائتی تعلیم کے تو بے شمار ادارے قائم کئے ہیں لیکن لبان ورکشاپ فنی تعلیم مہیا کرنے والے پاکستان کا منفرد ادارہ ہوگا جس میں چینی اور پاکستانی ماسٹر ٹرینرز طلبا کو جدید فنی تعلیم دے سکے گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ورکشاپ کے قیام کے بعد یہاں سے فارغ التحصیل طلبا کو نہ صرف سی پیک سے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع حاصل ہونگے بلکہ عرب ممالک سمیت یورپی ممالک میں بھی ان طلبا کی مانگ ہوگی۔ ٹیوٹا کا یہ اقدام پاکستان میں فنی تعلیم کے فروغ کے لئے ٹرینڈ سیٹر ثابت ہوگا۔ وفد کے نمائندوں تیان جن ماڈل ووکیشنل کالج کے صدر چو جیانوی، ڈین سٹوڈنٹس افیئرز مینگ نا، سٹاف انٹرنیشل افئیرز وانگ چونگ، ہیڈ ٹیچنگ مکینکل ، الیکٹریکل انجنےئرنگ تیان ہئی نے میڈیا سے بات کرے ہوئے بتایا کہ لبان ورکشاپ پاک چین دوستی کی ایک اور مثال ہوگی۔ یہ ورکشاپ بھارت، تھائی لینڈ سمیت کئی ایشائی ممالک میں کام کر ہی ہے۔ پاکستان میں اس کا قیام خوش آئند ہے۔

مزید : کامرس