نیوزی لینڈ میں گرین شرٹس اچھا فارم کرینگے : نجم سیٹھی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ٹیم نے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں، امید ہے نیوزی لینڈ میں گرین شرٹس اچھا پرفارم کریں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے کٹ کی تقریب رونمائی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا، کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہے، امید ہے ٹیم نیوزی لینڈ میں اچھا پرفارم کرے گے۔ فخرزمان اور بابراعظم کی کارکردگی اچھی رہی، نیوزی لینڈ میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔قائد اعظم ٹرافی کے اسپانسرز نہ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ باہر بیٹھ کر باتیں کرنا آسان ہوتا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو زبردستی قائد اعظم ٹرافی کی سپانسر شپ پر آمادہ نہیں کر سکتے، نشریاتی ادارے کو بھی پابند نہیں کر سکتے کہ وہ میچز دکھائیں، مزہ تب آتا جب کرکٹ کو فروغ دینے والے بڑے ادارے ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے سپانسر کے طور پر سامنے آتے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کو سپانسر کرنے کیلئے اداروں کو آگے آنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ کیلئے اسپانسرز کا نہ ملنا عالمی سطح پر بھی مشکل ہے، آسٹریلیا ، انگلینڈ اور بھارت کے سوا دیگر ملکوں میں ٹیسٹ کرکٹ دیکھنے کیلئے کم لوگ ہی سٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز شائقین کی زیادہ توجہ کا مرکز بنتے ہیں، طویل فارمیٹ میں اسپانسرز تلاش کرنا ہمارے، آئی سی سی اور دیگر سب ممالک کیلئے مشکل ہے، ٹیسٹ میچ کیلئے پانچ دن کی سپانسر شپ عام طور پر ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے برابر ہوتی ہے۔