وزیر مملکت برائے خزانہ معاشی اشاریوں کی بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کریں ، لاہور چیمبر

وزیر مملکت برائے خزانہ معاشی اشاریوں کی بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کریں ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا ہے کہ معاشی جمود کو توڑنے میں سب سے اہم کردار وزارت خزانہ کا ہے، معیشت کی بحالی اور غیرمتاثر کن برآمدات ، بڑھتی درآمدات، بھاری تجارتی خسارے، روپے کی قدر میں کمی اور بھاری قرضوں جیسے بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وزیرمملکت برائے خزانہ رانا افضل خان کو بہترین صلاحتیں استعمال میں لانا ہونگی۔ وزیرمملکت برائے خزانہ کا عہدہ سنبھالنے پر رانا افضل خان کو مبارکباد دیتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے معاشی اشاریوں کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کا خواہاں ہے، اس مقصد کے لیے وزارت خزانہ کو سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے درست سمت متعین کرنا ہوگی۔ وزارت خزانہ کو تجاویز دیتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پالیسی سازی میں مشاورت ملک کو معاشی مشکلات سے باہر نکال سکتی ہے، نجی شعبے کو سہولیات دی جائیں اور کم ہوتی برآمدات کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگلی دو دہائیوں کے دوران افرادی قوت کے لیے روزگار کے 28ملین نئے مواقعوں کی ضرورت ہوگی، توانائی، کان کنی، مینوفیکچرنگ، ٹرانسپورٹیشن اور خدمات کے شعبوں کو فروغ دیکر یہ ہدف باآسانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ویلیوایڈیشن پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے اور قابل ٹیکس زرعی آمدن پر ٹیکس لاگو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈیموں کا معیشت سے گہرا واسطہ ہے کیونکہ ان سے سستی ماحول دوست بجلی اور زرعی شعبے کے لیے وافر پانی میسر ہوگا۔انہوں نے تجویز کیا کہ بڑے ڈیموں کی تعمیر کے لیے نیشنل واٹر کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھاشاڈیم کی تکمیل کے بعد بھی پانی کی قلت رہے گی جس کے لیے کالاباغ ڈیم بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیوماس کے ذریعے 22800میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے لہذا اس شعے پر بھی خاص توجہ دی جائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے تمام سیاسی جماعتوں پر بھی زور دیا کہ وہ سماجی، معاشی اور مالیاتی معاملات کے ماہرین پر مشتمل خصوصی ونگ قائم کریں۔

مزید :

کامرس -