جڑی فلسطینی بچیاں سرجری کیلئے سعودی عرب پہنچا دی گئیں

جڑی فلسطینی بچیاں سرجری کیلئے سعودی عرب پہنچا دی گئیں

ریاض(اے این این)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر فلسطین کی دو جڑی بچیوں کو علیحدہ کرنے کے لیے ان کے خصوصی علاج کے احکامات کے بعد دونوں بچیاں حنین اور فرح غزہ کی پٹی سے اردن کے راستے سعودی عرب پہنچا دی گئی ہیں۔ دونوں بچیوں کو سعودی عرب میں شاہ عبدالعزیز میڈیکل کمپلیکس میں داخل بھی کردیا گیا ہے جہاں شاہ سلمان ریلیف مرکز کی زیرنگرانی ان بچیوں کا علاج شروع کیا جائے گا۔قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز نے بھی دونوں فلسطینی بچیوں کے علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی تھی اور انہیں سعودی طبی ماہرین کی زیرنگرانی ایک دوسرے سے الگ کرنے کے احکامات دیے تھے۔دونوں بچیوں کے دھڑ آپس میں ملے ہوئے ہیں جب کہ ان کے جسم کے بعض اندرونی اعضا بھی ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ انہیں ایک دوسرے سے الگ کرنے کے لیے انتہائی احتیاط پرمبنی چیک اپ کی ضرورت ہوگی۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں جڑے ہوئے جڑواں بچوں کو علیحدہ کرنے میں سعودی عرب کا پہلا نمبر ہے۔اس نوعیت کے آپریشن ایک خصوصی سعودی طبی ٹیم کے زیر نگرانی کئے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں 17 ممالک سے تعلق رکھنے والے بچوں کے 63 آپریشن کئے جا چکے ہیں جن میں 28 آپریشن مکمل طور پر کامیاب ہوئے جب کہ بقیہ حالتوں میں جڑے ہوئے بچے طبی وجوہات کی بنا پر علیحدہ کرنے کے قابل نہ تھے۔

مزید : عالمی منظر