قومی ایئر لائن کو ملک کاصف اول کا ادارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں،سردار مہتاب

قومی ایئر لائن کو ملک کاصف اول کا ادارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں،سردار مہتاب

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سر دار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کیلئے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں ،انشاء اللہ جلد قومی ایئر لائن کو ملک کے صف اول کا ادارہ بنانے میں کامیاب ہو جائینگے،مسافروں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے ،وقار کا خیال رکھنا ہم سب کی مجموعی ذمہ داری اور فرض ہے ۔مشیر وزیراعظم نے یہ بات منگل کو ایوی ایشن ڈویژن اسلام آباد میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن اور چیئر مین پی آئی اے عرفان الہٰی سمیت چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) پی آئی اے مشرف رسول، چیف آپریٹنگ آفیسر ،چیف کمرشل آفیسر اور پی آئی اے کے تمام محکموں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیر اعظم سردار مہتاب احمد خان نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے تمام عملے کو دل لگا کر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے ۔ اس کے وقار کا خیال رکھنا ہم سب کی مجموعی ذمے داری اور فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کے لئے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں اور انشاء اللہ ہم بہت جلد پی آئی اے کو ملک کے صف اول کا ادارہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔اس موقع پر مشیر وزیر اعظم سردار مہتاب خان کوپی آئی اے کے تمام شعبہ جا ت کی کارکردگی اور انتظامی امور پر بریفنگ بھی دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بہترین سفری سہولیات کی فراہمی سمیت انتظامی امور میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے، پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے جدید بنیادوں پر سات 777اور چار 320ایئر بس جہازوں کی تزئین و آر ائش کی ہے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جہازوں میں جدید سہولیات نصب کی جا رہی ہیں اور پی آئی اے کے تمام جہازوں میں جدید انٹر نیٹ ویڈیو سٹریمنگ سمیت مسافروں کی سہولت کے لئے تفریحی سسٹم بھی لگایا جا رہا ہے ۔

مزید : علاقائی