شہیدوں کے خون کی خاطر اختلافات ختم کر کے ایک ہو جائیں : شہباز شریف

شہیدوں کے خون کی خاطر اختلافات ختم کر کے ایک ہو جائیں : شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پولیس فورس شہریوں کے جان ومال کے تحفظ ،نظم و نسق، امن و امان قائم رکھنے ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قابل فخر خدمات سر انجام دے رہی ہے، پولیس جوان اور افسران جذبہ خدمت اور شہادت سے سرشار ہیں اور قانون کی حکمرانی قائم رکھنے اور وطن عزیز کو دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لئے شہدا پولیس کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرکے پولیس کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ساتھ جدید ترین آلات سے لیس کیا گیا ہے۔ پولیس کالج سہالہ میں تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آؤٹ ہونے والے کڑیل جوان اور قوم کی بیٹیوں کا انتخاب سوفیصد میرٹ پر ہوا ہے اور اس ضمن میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کو 70 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جس میں سے آپ کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ آپ عملی میدان میں عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے لئے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں گے اور غریب کی دادرسی کریں گے۔ آپ کو کسی بااختیاریا بااثر شخص سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ انصاف کا بول بالا کریں اور لوگوں کی دعائیں لیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف آج پولیس کالج سہالہ میں تربیت مکمل کرنے والے 286 سب انسپکٹرز کے تیسرے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈکی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاس آؤٹ ہونے والے اس بیج میں 19 خواتین بھی شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پروبیشنرز سب انسپکٹرز کو اعزازت دیئے اور ان کی مہارت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ پولیس نے عملی تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے مظاہرے پیش کئے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج پنجاب پولیس میں نیا خون شامل ہورہا ہے۔میں پاس آؤٹ ہونے والے سب انسپکٹرز، ان کے والدین اور خاندانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اور خواتین شامل ہیں۔پنجاب پولیس اور انسداددہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردی کے خلاف موثر کامیاب کاروائیاں کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ،اسی طرح ترکی کے ماڈل پر قائم کی گئی ڈولفن فورس بھی سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لئے سرگرم عمل ہے جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ کا لاہور میں پہلا سینٹر مکمل ہو گیا ہے جس پر 12 ارب روپے لاگت آئی ہے، ہزاروں کیمرے نصب کئے گئے ہیں اس سے پنجاب پولیس کو سہولت میسر آئے گی اور دہشت گردوں کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جاسکے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو گیا ہے۔ یہ قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان نہیں ہے۔ امیر اور غریب میں تفاوت کو کم کرنا ہے۔ ہم 70 برس کے دوران وہ نظام نہیں لاسکے جس کے ذریعے سب کو ان کے حقوق ملیں۔آئیں ہم سب مل کر بوسیدہ نظام بدلیں اور پاکستان میں حقیقی معنوں میں فلاحی نظام لائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں سے جان چھڑا کر اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے۔ خود انحصاری کی سوچ اپنالیں تو پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو بھیک نہ مانگیں، قربانیاں دیں اور ٹیکس دیں۔ ملک کی دولت پر ڈاکہ زنی نہ کریں۔ تقریب میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانامحمد اقبال،صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ،پارلیمانی سیکرٹری پنجاب چوہدری سرفراز افضل ،آئی جی پولیس پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز خان، اراکین اسمبلی ، پولیس کے اعلی حکام اور ان کے اہلخانہ نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے 3 فوجی جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء شہبازشریف نے یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس، قانو ن نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قیام امن سے متعلقہ تمام ادارے بہترین کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بہترین طریقے سے فرائض سرانجام دےئے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کے باعث صوبے بھر میں یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات پرامن اور بہترین ماحول میں منعقد ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی عوام کے جا ن و مال کے تحفظ کیلئے بہترین انتظامات کئے اور متعلقہ اداروں نے یوم قائدؒ اور کرسمس کے روز عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض بطریق احسن سرانجام دیئے ہیں جو قابل تعریف ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول