شاہ زیب قتل، سندھ ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

شاہ زیب قتل، سندھ ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )سول سوسائٹی نے شاہ زیب قتل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سماعت کے لئے سیشن جج کے پاس بھیجنے کا حکم دیا تھا جب کہ عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات بھی ختم کردی تھیں۔کراچی کے ضلع جنوبی کی سیشن عدالت نے 19 دسمبر سے کیس کی سماعت شروع کی اور عدالت نے 23 دسمبر کو شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کی ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔نجی چینل کے مطابق سول سوسائٹی نے شاہ زیب قتل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے فیصلے اور اس کے نتیجے میں ملزمان کی رہائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔قانون دان جبران ناصر سمیت دیگر 10 شہریوں کی جانب سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شاہ زیب قتل کیس ذاتی نوعیت کا قتل نہیں، اس کے معاشرے پر سنگین نتائج برآمد ہوئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ شاہ زیب کے اہل خانہ ملزمان سے صلح کرچکے لیکن حکومت ملزمان کی طرف داری کررہی ہے، ایسے میں سول سائٹی کیس کو آگے لے کر چلے گی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اگر ملزمان کو سزا نہ دی گئی تو اس سے معاشرے میں سنگین بگاڑ پیدا ہوگا۔ کیس میں سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل اور اے ٹی سی کی دفعات بحال کی جائیں۔
شاہ زیب کیس

مزید :

صفحہ اول -