فلسطینیوں پر مظالم، نیوزی لینڈ کی گلوکارہ نے اسرائیل میں کنسرٹ منسوخ کر دیا
نیوزی لینڈ(آن لائن) نامور پاپ گلوکارہ لورڈ نے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف اسرائیل میں کنسرٹ منسوخ کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گلوکارہ لورڈ نے ایک ہفتے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ جون میں اسرائیل میں تل ابیب کنونشن سینٹر میں کنسرٹ کریں گی لیکن یورپ میں جاری بائیکاٹ، ڈائیوسمنٹ سینکشن(بی ڈی ایس) مہم میں شامل افراد کی تنقید کے بعد لورڈ نے اسرائیل میں ہونے والا کنسرٹ منسوخ کردیا۔ بی ڈی ایس مہم میں شامل لوگوں اور مداحوں کی جانب سے موصول ہونے والے خطوط میں انہیں اسرائیل کی بربریت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا تھاکہ ناانصافی کو چیلنج کریں اور ترقی پسند نیوزی لینڈ کی میراث کا خیال کریں۔ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی، عصبیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے لہذا آپ یہ کنسرٹ نہ کریں۔
لورڈ نے کنسرٹ منسوخ کرنے کے بعد ٹوئٹ کیا، درست فیصلہ یہی ہے کہ کنسرٹ منسوخ کردوں، آگاہی میں اضافے کا شکریہ ہر وقت سیکھنے کے مراحل میں ہوں۔لورڈ کے کنسرٹ منسوخ کرنے کے بعد کچھ مداحوں نے ان سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا جبکہ اسرائیلی وزیر ثقافت نے بھی لورڈ سے کنسرٹ منسوخ کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کسی گلوکار نے اسرائیل میں کنسرٹ منسوخ کیا ہو بلکہ لورڈ سے پہلے گلوکار ایلوس کاسٹیلو، لارین ہل اور گوریلاز بھی شوز منسوخ کرچکے ہیں۔