پنجاب بھر کے کسان شوگر مل مالکان کیخلاف متحد ہوچکے ہیں ‘ میاں مقصود

پنجاب بھر کے کسان شوگر مل مالکان کیخلاف متحد ہوچکے ہیں ‘ میاں مقصود

ملتان (سٹی رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ گنے کے کسانوں کو ریلیف دینے اور شوگر مل مالکان کے خلاف پورے پنجاب کے کسان متحد ہوچکے ہیں ۔ (بقیہ نمبر15صفحہ12پر )

اگرحکومت پنجاب نے کسانوں کے جائزمطالبات نہ مانے تو ہماری تحریک کے اگلے مرحلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا دیاجائے گا۔ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہورہائیکورٹ میں شوگر مل مالکان کے خلاف جماعت اسلامی کی رٹ کی سماعت کے موقع پر میڈیا کوپریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ وکیل سیف الرحمان جسرا،محمد فاروق چوہان ودیگر بھی موجو د تھے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے عدالت عالیہ سے استدعاکی ہے کہ وہ گنے کے180روپے فی من سرکاری ریٹ کے مطابق خریداری کے لیے شوگر مل مالکان کو پابندبنائے اور کسانوں کی سابقہ اربوں روپے کے بقایاجات کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ جسٹس ساجدمحمود سیٹھی کے ہم شکرکزار ہیں کہ انہوں نے کسانوں کے اس حساس اور اہم معاملے پر حکومت پنجاب کو ہدایات کی ہیں کہ پنجاب کی تمام شوگر ملوں فنکشنل بنایاجائے اور جو شوگر ملیں ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ابھی تک فنکشنل نہیں ہوئیں ان کی رپورٹ اگلی سماعت کے موقع پر28دسمبر کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ و زیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے احکامات دیئے تھے کہ پنجاب کی تمام شوگر ملیں کسانوں سے 180روپے فی گنا خریدیں گی اور کسانوں کے بقایاجات بھی اداہوں گے لیکن ابھی تک ان کے اعلانات کے مطابق کہیں بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔صوبہ بھر کے کسان حکومت پنجاب سے مایوس ہوچکے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ عدلیہ ہمیں جلدانصاف فراہم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ میں نے بطور پٹیشنرجسٹس ساجد محمود سیٹھی کی عدالت میں وکیل سیف الرحمان جسراکے ساتھ موقف پیش کیاہے۔ کسانوں سے عدالتی احکامات کے باوجود بھی شوگرملیں180روپے فی من گنا نہیں خرید رہیں۔کسانوں کومجبورکیاجارہا ہے کہ 100روپے اور120روپے من گنے کو فروخت کریں۔انہوں نے کہاکہ گنے کے کسانوں کو ریلیف دینے اور حکومت پنجاب کی بے حسی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کے سلسلے میں کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ27دسمبر کو لاہور پریس کلب کے سامنے ہوگا۔احتجاجی مظاہرے میں پورے پنجاب سے کسان شریک ہوں گے۔کسانوں کے مطالبات کے حل ہونے تک جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر