وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ کی منظوری

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ کی منظوری

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں جامعہ مساجد کے آئمہ کرام کیلئے ماہانہ اعزازیہ کی منظوری دیدی ہے مجوزہ پالیسی کے تحت قواعد پر پورا اترنے والے آئمہ کو ماہانہ دس ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا اس پالیسی سے وہ آئمہ حضرات مستفید ہونگے جو پاکستانی شہریت رکھتے ہوں، دینی علوم کے مستند بورڈز سے سندیافتہ اور جامعہ مساجد کی امامت پر فائز ہوں۔ اس کا فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سینئروزیر بلدیات عنایت اللہ، وزیراوقاف حاجی حبیب الرحمان، چیف سیکرٹری محمد اعظم خان، سیکرٹری اوقاف ہدایت اللہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری سید شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پالیسی صرف اور صرف مذہبی جذبے اور مساجد اور آئمہ کرام کی ضروریات کے تحت بنائی گئی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے آئمہ کرام قوم اور دین کی خدمت بہتر طرز پر کر سکیں گے انہوں نے محکمہ خزانہ کو اعزازیہ کیلئے فنڈز کا بندوبست کرنے اور سمری فوری بھیجنے کی ہدایت کی انہوں نے واضح کیا کہ آئمہ کرام نظام صلوٰۃ اور مساجد کے بہتر انتظام کے علاوہ دینی تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اسلئے حکومت معاشرے میں ان کی عزت و تکریم بڑھانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر