بینظیر بھٹوکایوم شہادت کشمیربھرمیں آج عقیدت واحترام کیساتھ منایاجائیگا

بینظیر بھٹوکایوم شہادت کشمیربھرمیں آج عقیدت واحترام کیساتھ منایاجائیگا

مظفرآباد(بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم پاکستان پیپلزپارٹی کی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کا 10 واں یوم شہادت آج پاکستان کے چاروں صوبوں گلگت بلتستان ، ریاست جموں کشمیر کے دونو ں اطراف پوری دنیا میں انتہائی عقیدت و احترام ، نظریاتی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے نماز فجر کے بعد قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی سے تقریبات کا آغاز ہو گا سب سے بڑا اجتماع گڑھی خدا بخش شہداء کے مزار پر منعقد ہو گا جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کرینگے ، برسی کے موقع پر آزاد کشمیر بھر میں جلسے جلوس ریلیاں اورسیمینارز ہونگے ۔جن میں پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی قومی ، عالمی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انقلابی آفاقی نظریات کے مطابق استحصال سے پاک معاشرے اورچہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی تک جہد مسلسل کا عزم کیا جائے گا گزشتہ روز محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 10 ویں برسی کے سلسلہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ، تحصیل ، سٹی مقامات پر پروقار تقریبات کا انعقاد کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ دارالحکومت مظفرآباد میں بڑی تقریب سنٹرل پریس کلب میں منعقد ہو گی ا س سے قبل دربار عالیہ سائیں سخی سہیلی سرکارؒ کی جامع مسجد شریف میں قرآ ن خوانی کے بعد فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ایصال ثواب کے لئے پیپلزپارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی رہائش گاہ پر خواتین کا ایک بڑا اجتماع ہو گا جس میں بھی قرآن خوانی دعادرود پڑھا جائے گا ۔پیلزپارٹی کے سٹی سیکرٹریٹ میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی عظیم قربانی کی یاد میں بلڈ کیمپ لگایا جائے گا جس میں پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداران ، کارکنان ،بہادر افواج پاکستان اور مستحقین کے لئے انسانی بنیادوں پر خون کے عطیات پیش کر کے ملک اور قوم کے ساتھ اپنے عقیدت کا اظہار کرینگے ، شوکت جاوید نے کہا کہ آزاد کشمیر سے پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر ، سابق وزرائے اعظم چوہدری عبدالمجید، سردار یعقوب خان، قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یسین ، سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف ، سیکرٹری جنرل راجا فیصل ممتاز راٹھور ،مرکزی نائب صدور محمد مطلوب انقلابی ، میاں عبدالوحید ، سیکرٹری اطلاعات جاوید ایوب، سردار عابد حسین عابد ، صاحبزادہ ذوالفقار علی ، سید عزدار حسین شاہ ،شاہین کوثر ڈار سمیت مرکزی عہدیداران گڑھی خدابخش ملک گیر اجتماع میں شرکت کے لئے ساتھیوں سمیت پہنچ چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جملہ تقریبات کے اختتام پر لنگر تقسیم کرنے کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا گیا ہے کارکنوں نے برسی کی تقریبات کو شایان شان بنانے کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دے کر انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور چیئرمین بلاو ل بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا جائے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر