آئی جی سندھ کا احتجاج کرنیوالوں پر پولیس فورس کے استعمال پر تشویش کا اظہار

آئی جی سندھ کا احتجاج کرنیوالوں پر پولیس فورس کے استعمال پر تشویش کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے احتجاج کرنیوالوں پر پولیس فورس کے استعمال جیسے ناخوشگوار واقعہ پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس شہریوں کے حقوق اور پرامن احتجاج کا بخوبی ادراک رکھتی ہے ۔کراچی پولیس روزانہ اوسطاً آٹھ تا دس مظاہروں کو ہینڈل کررہی ہے جوکہ آئے دن تسلسل کے ساتھ ہورہے ہیں۔تاہم انہوں نے کاشتکاروں اور اساتذہ ایسوسی ایشنز سے اپیل کی ہے کہ اپنے جائز اور قانونی حقوق کے لئے احتجاج یا مظاہروں کو اس طور ترتیب دیں کہ جس سے عام شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ ہی ٹریفک کی روانی متاثر ہو۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اساتذہ اور کاشتکار جوکہ مستقبل کے معماروں کے لئے ایک مثال ہیں شرپسندوں یا انکے گروہوں سے ہوشیار رہیں گے اور قانون کی پاسداری اور اسکا احترام کرینگے ۔دریں اثناء انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ ایسوسی ایشنز کو سنیں اور انکے جائز مسائل یا ایشوز کو حل کریں۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کے منتظمین کو چاہیے کہ وہ پرامن احتجاج کے حوالے سے مقامی انتظامیہ اور پولیس کو قبل از وقت اطلاع دیں۔تاکہ پولیس پرامن احتجاج اور اسکے ارکان کو ہرممکن سہولت فراہم کرسکے ۔انہوں نے ایسی تمام تنظیموں سے اپیل کی کہ ریڈزون کی حساسیت اور سیکیورٹی کا خیال رکھیں جہاں کہ اہم عمارتیں بشمول اعلیٰ عدالتیں,فارن مشن دفاتر,گورنر ہاؤس اور سی ایم ہاؤس وغیرہ قائم ہیں۔کیونکہ ایسے مظاہروں سے دہشت گرد عناصر اپنے مذموم اور ناپاک ارادوں کی تکمیل کی سازشوں میں خدانخواستہ کامیاب ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کراچی پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ فورس کے غیرضروری استعمال سے گریز کیا جائے اور احتجاجی تنظیموں سے روابط میں رہتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے انسداد کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون کا احترام ہر شہری پر لازم ہے لہٰذا شہری محکمہ داخلہ کی جانب سے عائد دفعہ 144 کی پاسداری کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جوکہ خلاف قانون ہو۔