لیبیا ، خام تیل کی بڑی پائپ لائن دھماکے سے تباہ ،تیل سپلائی میں یومیہ ایک لاکھ بیرل کمی
لیبیا(آئی این پی ) لیبیا میں خام تیل کی بڑی پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا،حملے کے بعد تیل کی سپلائی میں یومیہ ایک لاکھ بیرل کی کمی شروع ہو گئی ، خام آئل قیمتیں 2015 کے بعد اونچی ترین سطح پر پہنچ گئیں ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا میں خام تیل کی ایک بڑی پائپ لائن کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ واقعہ ملک کے شمال مشرقی حصے میں مرادا کے پاس پیش آیا۔ لیبیا کی سرکاری نیشنل آئل کارپوریشن کے مطابق اس حملے کے بعد تیل کی سپلائی میں یومیہ ایک لاکھ بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے سبب قیمتیں سن 2015 کے بعد اپنی اونچی ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔ یہ پائپ لائن بحیرہ روم کے قریب قائم تیل کی تقسیم کے ایک اہم مقام کو تیل سپلائی کرنے کے کام آتی تھی۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ پائپ لائن کو دھماکے سے کس نے اڑایا ہے؟